Live Updates

کے ایس ای100انڈیکس میں21.52پوائنٹس کی کمی

پیر 20 اگست 2018 23:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںپیر کوکاروبار حصص کاروباری اتار چڑھائو کا شکار رہا ،ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 42700پوائنٹس کی سطح کو چھو کر واپس 42400پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 13ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم کاروباری لین دین جمعہ کی نسبت 2کروڑ شیئرز کم رہا ۔

نئی حکومت کے قیام کے پہلے کاروباری ہفتہ کے پہلے ابتدائی سیشن میںپاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبارحصص کی سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا ،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی ٹیلی کام ،بینکنگ ،فوڈز اورسیمنٹ سیکٹرز میں خریداری کے سبب ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 42500،42600اور42700پوائنٹس کی تین بالائی حد عبور کر گیا بعد ازاںمقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہائوسز کی جانب سے منافع خوری کی خاطر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے دبائو کے سبب انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی اور انڈیکس منفی زون میں بند ہوا ۔

(جاری ہے)

اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق عید الاضحی کی طویل سرکاری تعطیلات کی وجہ سے انویسٹر زنے مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ کو ترجیح دی اسی وجہ سے مارکیٹ اتار چڑھائو کی زد میں رہی تاہم آئندہ کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ اپنی درست سمت کا تعین کر سکے گی کیونکہ نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پہلے خطاب میں ترجیحات کا تعین ہونے سے سرمایہ کاراس پر اپنے ردعمل کا اظہار کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے کریں گے۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں21.52پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 42446.62پوائنٹس سے گھٹ کر 42425.10پوائنٹس ہو گیا تاہم 6.65پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس20933.33پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30726.09پوائنٹس سے بڑھ کر 30764.81پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری اتار چڑھائو کے باوجود مارکیٹ کے سرمائے میں 13ارب 54کروڑ12لاکھ35ہزار672روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 87کھرب3ارب 47کروڑ5لاکھ52ہزار315روپے سے بڑھ کر 87کھرب17ارب 1کروڑ17لاکھ 87ہزار987روپے ہو گیا ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو 6ارب روپے مالیت کے 14کروڑ75لاکھ52ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ گذشتہ جمعہ کو8ارب روپے مالیت کے 19کروڑ41لاکھ 94ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو مجموعی طور پر363کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 165کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،186میں کمی اور 12کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام 1کروڑ43لاکھ ،بینک آف پنجاب 1کروڑ9لاکھ ،اینگرو پولیمر 68لاکھ99ہزار ،اطاہرلمیٹڈ 67لاکھ95ہزار اور یونٹی فوڈز لمیٹڈ 65لاکھ31ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔کاروباری تیزی کے اعتبار سے رفحان میظ کے حصص کی قیمت میں346.17روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے اس کے حصص کی قیمت بڑھ کر7850.00روپے ہو گئی اسی طرح 96.00روپے کے اضافے سے پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت بڑھ کر 2244.00روپے ہو گئی جبکہ یونی لیور فوڈز اورفلپ مورس پاک کے حصص کی قیمتوں میں بالترتیب325.00روپے اور157.50روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یونی لیور فوڈزکے حصص کی قیمت کم ہو کر7550.00روپے اور فلپ مورس پاک کے حصص کی قیمت کم ہو کر 2992.50روپے ہو گئی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات