Live Updates

وزیراعظم کا قوم سے خطاب اچھا اور عزائم و اعلانات سے بھرپور تھا، لیاقت بلوچ

پیر 20 اگست 2018 23:30

لاہور۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب اچھا اور عزائم و اعلانات سے بھرپور تھا، انتخابی و سیاسی جدوجہد کی تقاریر ، اعلانات اور وعدوں کا نچوڑ ہے ۔ اب وفاق ، پنجاب ، خیبر پی کے ، بلوچستان میں تحریک انصاف کی حکومتیں ہیں ، حالات اور نظام کو تبدیل کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ۔

عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔ ریاستی مشینری کو عوام کی خدمت کی طرف لانے کے لیے اسٹیٹس کو توڑنا ہوگا ۔ ہم اچھے کاموں کی حمایت کریں گے اور اسلامی نظریہ سے انحراف پر مزاحمت کریں گے ۔ صدارتی انتخاب کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو یکسو ہو کر متفقہ فیصلہ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے شوکت اسلام مسجد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،لیاقت بلوچ نے کہاکہ حج امت مسلمہ کے اتحاد ، مساوات اور وحدت و یکجہتی کا عظیم مظہر ہے، کروڑوں مسلمان توحید و سنت پر متحد ہو جائیں تو امت مسائل، بحرانوں، ذلت و رسوائی سے نجات پالے گی ۔

دنیا بھر کے مذاہب کے مقابلے میں روزہ ، حج ، جمعہ اور عیدین کے اجتماعات مثالی حیثیت رکھتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات انسانوں میں امانت ، دیانت ، خدمت اور عزت و وقار کے پہلو اجاگر کرتی ہیں، کنونشن سے احمد سلمان بلوچ ، میاں ریاض احمد اور مولانا قاری مستقیم نے بھی خطاب کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات