Live Updates

عوام کو بلاتفریق سستے اور سہل ترین انصاف کی فراہمی عمران خان کا وژن ہے،محمودخان

پیر 20 اگست 2018 23:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پولیس حکام پرواضح کیا ہے کہ صوبے میں امن و آشتی پر مبنی مکمل جامع اور بھر پور سیکورٹی شیلڈ قائم کیا جائے تاکہ صوبے میں دیرپا امن قائم ہو اور عوام پوری یکسوئی کے ساتھ اپنے معمولات زندگی کی انجاندہی کرسکیں انہوں نے پشاور میں ٹریفک پولیسنگ کے مؤثر نظام کی بھی ہدایت کی۔

اپنے دفتر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر سے ملاقات میں انہوں نے ہدایت کی کہ امن وسلامتی ہمارا ہدف ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔محمود خان نے کہا کہ عوام کو بلاتفریق سستے اور سہل ترین انصاف کی فراہمی عمران خان کا وژن ہے۔ امن سے عوامی ترقی وخوشحالی کے راستے نکلتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس صوبے کے عوام نے بڑی مصیبتیں جھیلیں ہیںعوام نے ترقی اور خوشحالی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے عوام کی ہم سے بڑی توقعات وابستہ ہیں صوبائی حکومت نے عمران خان کے وژن اور مشن کے مطابق اپنی کارکردگی دکھانی ہے اور عوامی توقعات پر پورا اترنا ہے انہوں نے کہا کہ عوامی خوشحالی ، قومی ترقی اور انصاف پر مبنی خدمات کی فراہمی کے مجموعی عمل میں تمام محکموں نے اپنا کردار ادا کرنا ہے اس سلسلے میں شعبہ پولیس اور قانون نافذکرنے والے دیگر ادارے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ ترقی کے سارے راستے امن سے نکلتے ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے ہدایت کی کہ وہ پشاور میں ٹریفک پولیسنگ کا ایک مضبوط اور موثر نظام دیکھنا چاہتے ہیں۔ ٹریفک کے سلسلے میں عوام کو مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے جو فوری طور پر حل ہونا چاہیئے ۔ محمود خان نے کہا کہ دیرپا معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے تیز رفتار فروغ کیلئے ہمیں تمام محکموں کو مستعد کرنا ہے اور مربوط جدوجہد کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات