وزیراعلیٰ سے پیسکوحکام کی ملاقات،بجلی لوڈشیڈنگ ودیگرمسائل پرتبادلہ خیال

پیر 20 اگست 2018 23:30

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا محمود خان سے پیسکو کے اعلیٰ حکام نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی ، ملاقات میں پشاور ، ملاکنڈ سمیت صوبہ بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور دیگر متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اراکین صوبائی اسمبلی اشتیاق اڑمراور محب اللہ بھی ملاقات کے دوران موجود تھے،وزیر اعلیٰ نے بجلی کی منصفانہ تقسیم کیلئے طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی تاکہ فیڈرز پر اضافی بوجھ کو کم کیا جا سکے اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہو سکے،وزیر اعلیٰ نے مٹہ (سوات) فیڈر پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے سابق وزیر اعظم کے اعلان کردہ گرڈ سٹیشن کے قیام پر بھی پیش رفت طلب کی جس پر پیسکو حکام نے بتایا کہ گرڈ سٹیشن کیلئے زمین کا انتظام ہو چکا ہے تاہم وفاقی حکومت نے وسائل نہیں دیئے وزیر اعلیٰ نے گرڈ سٹیشن کے قیام کیلئے مطلوبہ وسائل پر مبنی کیس تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ خوش قسمتی سے اس وقت مرکز میں بھی ہماری حکومت ہے ، عوامی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے وسائل کے حصول کے سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی،وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ فیڈر کے قیام اور ہسپتال میں بجلی کے کنیکشن پر بھی تیز رفتاری سے کام جاری ہے جو عید کے دنوں میں ہی مکمل کر لیا جائے گا، وزیر اعلیٰ نے پیسکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ سوات کا دورہ کریں اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں کیونکہ اسکی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل کے دیرپا حل کیلئے سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ، محمود خان نے اراکین صوبائی اسمبلی اشتیاق ارمڑ اور محب اللہ سے بھی کہا کہ وہ پیسکو حکام کے ساتھ بیٹھیں اور اپنے اپنے حلقوں میں مسائل کا قابل عمل حل نکالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پیسکو کے اپنے مسائل کی بھی تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی اور عندیہ دیا کہ صوبائی حکومت پیسکو کے مسائل حل کرنے میں مدد کرے گی۔