سنگین غداری کیس،خصوصی عدالت نے وارنٹ جاری ہونے کے باوجود پرویز مشرف کی عدم پیشی پر سیکرٹری داخلہ کو طلب کر لیا

منگل 21 اگست 2018 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں ملزم کے وارنٹ جاری ہونے کے باوجود پرویز مشرف کی عدم پیشی پر سیکرٹری داخلہ کو طلب کرتے ہوئے مزیدسماعت29 اگست تگ ملتوی کردی ہے۔ پیر کو جسٹس یاور علی کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے 2 رکنی بنچ نے سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے پیش ہوکر موقف اپنایا کہ ان کے موکل کی جان کو خطرات لاحق ہیں.اس سے قبل سابق صدرپرویز مشرف پر اسلام آباد کچہری اور کوئٹہ میں اکبر بگٹی کیس کی سماعت کے دوران جان لیوا حملے ہوچکے ہیں اگر ان کوصدر لیول کی سیکورٹی فراہم کر دی جائے تو پرویز مشرف عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ سماعت کے دوران عدالت نے پراسیکیوٹر اکرم شیخ کے رویے پرخفگی کا اظہارکیا اور کہا کہ اکرم شیخ نے کیس چھوڑنا تھا تو درخواست کیوں نہیں دی، سینئر وکیل کو اتنا تو علم ہونا چاہئے تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے پرویز مشرف کو پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر بتائیں کہ پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ ہونے کے باوجود انہیں پیش کیوں نہیں کیا گیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر دفعہ 342 کے بیان کے قانونی نقطے پر بحث ہوگی، دیکھنا ہے کیا بیان ریکارڈ کیے بغیر ٹرائل چل سکتا ہے یا نہیں۔ عدالت نے پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت 29 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔