Live Updates

نوٹ: عید الاضحی 22اگست 2018ء کی صبح سے قبل شائع، نشر یا ٹیلی کاسٹ نہ کیا جائے

عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے، دنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو،آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں وزیر اعظم عمران خان کا عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام پیغام

منگل 21 اگست 2018 02:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرمائے اور انہیں ہمارے لیے اپنی رضا و خوشنودی کے حصول کا ذریعہ بنا دے، عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے۔

آج کے دِن ان عظیم انبیا ئے کرام نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال مثال قائم کی جس کی تاقیامت پیروی کی جاتی رہے گی۔ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دُنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو۔

(جاری ہے)

قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنے آپ کو مکمل طور پر اپنے رب کریم کے حکم کے تابع کرنا اوراپنی خواہشات و مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔

یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیت کو اُجاگر کرنے کاباعث بنتا ہے جو اُسے صبر آزما لمحات اور مشکل ترین حالات میں بھی ثابت قدم رکھتا ہے اور راہ راست سے بھٹکنے نہیں دیتا۔ سنت ابراہیمی کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں۔ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے۔

عید الاضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھناچاہئے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہیں۔عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس خوشی سے محروم نہ رہ جائے۔ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔میں اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں عید الا ضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :