Live Updates

شہباز شریف نے نئے پاکستان میں گھر تلاش کرنا شروع کر دیا

اسلام آباد میں کرائے پر گھر لینے کی ذمہ داری ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور بیرسٹر دانیال چوہدری کو سونپ دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 اگست 2018 11:49

شہباز شریف نے نئے پاکستان میں گھر تلاش کرنا شروع کر دیا
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اگست 2018ء) شہباز شریف نے نئے پاکستان میں گھر تلاش کرنا شروع کر دیا ۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اسلام آباد میں گھر کی تلاش شروع کر دی ہے۔اس سلسلے میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور بیرسٹر دانیال چوہدری کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے کہ وہ وفاقی دار الحکومت کے پوش علاقہ میں کرایہ پر گھر تلاش کریں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفیکیشن جاری ہوتے ہی اسلام آباد میں ڈیرے لگانے کے لیے گھر کی تلاش شروع کر دی ہے۔ڈاکٹر فضل چوہدری ، بیرسٹر دانیال نے سیکٹر G/6 ، ایمبیسی روڈ پر تین کشادہ اور بڑے گھر دیکھے ہیں۔عید کے بعد شہباز شریف اسلام آباد آئیں گےاور گھر کا انتخاب کریں گے۔

(جاری ہے)

اس دوران مزید گھر بھی دیکھے جائیں گے۔

قائد ن لیگ نواز شریف کی ہدایات پر پارٹی صدر شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر شدید احتجاج اور جارحانہ سیاست کا فیصلہ کیا ہے۔اس مقصد کے لیے ان کا زیادہ وقت اسلام آباد میں گزرے گا۔جس کے لیے انہیں رہائش گاہ اور دفتر درکار ہو گا۔رہائش کے ایک حصہ میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا دفتر ہو گا۔جب کہ سیاسی سرگرمیوں اور میٹینگز کے لیے بڑا ہال بھی ہو گا۔

یاد رہے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان میں امور چلانے کے قواعد و ضوابط کے مطابق شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا ہے۔خیال رہے کہ 17 اگست کو اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں عمران خان کو قائد ایوان منتخب کیا گیا تھا ،ْ ان کے مد مقابل امیدوار مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف تھے جو 96 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات