Live Updates

عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے کی وجہ سامنے آگئی

بشریٰ بی بی نے استخارہ کیا ، عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب بن گئے۔ نیا انکشاف سامنے آگیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 اگست 2018 12:02

عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے کی وجہ سامنے آگئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2018ء) : پنجاب کی وزارت اعلیٰ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان بزدار کو سونپ دی گئی۔ عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ کے لیے نامزد ہونے پر ہی سیاسی مخالفین نے عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا لیکن وزیر اعظم عمران خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں واضح کیا کہ میں نے بہت سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ لیا ہے اور میں اپنے فیصلے پر قائم ہوں جس کے بعد اتوار کے روز عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کے لیے منتخب کر لیا گیا۔

تاہم اب عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی وجہ سامنے آئی ہے۔ تازہ ترین انکشاف کے مطابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے استخارہ کیا اور استخارے کے بعد ہی عثمان بزدار کا نام فائنل کیا گیا۔

(جاری ہے)

قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی کے استخارہ کے نتیجہ میں سردار عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا انکشاف ہوا ۔

معتبر ذرائع نے بتایا کہ سردار عثمان بزدار کو بشریٰ بی بی کے استخارے ہی نے وزیراعلیٰ پنجاب بنوایا۔ ان کی نامزدگی میں جہانگیر ترین کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔ عمران خان نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو استخارہ کے لیے کہا تھا، اُمیدوار کی نامزدگی میں تاخیر استخارہ کی وجہ سے ہی ہوتی رہی۔ اس کے برعکس پاکستان کے سیاسی حلقے یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے رہے کہ جہانگیر ترین نے عمران خان پر دباؤ ڈال کر سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنوایا اور وہ ڈمی وزیراعلیٰ ہوں گے ، اصل پاور جہانگیر ترین گروپ کے پاس ہو گی۔

حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہے اور ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سب جھوٹ ہے ،ایسی کسی بات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ خاتون اول بشریٰ بی بی نے جب وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ استخارہ میں بار بار نام عثمان بزدار کا آرہا ہے تو عمران خان نے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا کہ وہ عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنانے کا اعلان کرنے والے ہیں جس پر دونوں شخصیات حیرت میں مبتلا ہو گئے۔

جہانگیر ترین نے کُھلے دل سے اس فیصلے پر رضامندی ظاہر کی لیکن شاہ محمود قریشی نے کچھ تخفظات کا اظہار کیا لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اپنے فیصلے پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک میڈیا ٹائیکون نے میاں اسلم اقبال کے حق میں مہم چلا رکھی تھی کہ ان کو وزیراعلیٰ بنوایا جائے ۔جب عثمان بزدار کی نامزدگی کا اعلان کیا گیا تو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسی میڈیا گروپ نے ان کے خلاف پراپیگنڈہ مہم شروع کروادی، اس مہم میں علیم خان کا بھی نام لیا جارہا تھا۔

جب یہ باتیں عمران خان تک پہنچیں تو انہوں نے علیم خان کو بھی پیغام بھجوایا کہ وہ عثمان بزدار کے خلاف جاری کسی بھی مہم کا حصہ بننے سے باز رہیں ،اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں عثمان بزدار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی پراپیگنڈہ سے متاثر نہیں ہوں گے اور وہ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔اور یوں پنجاب اسمبلی کے اتوار کے روز ہونے والے اجلاس میں عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب منتخب کر لیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات