چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے

منگل 21 اگست 2018 12:21

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے۔ چیئرمین سینیٹ 15اگست کی رات پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے چین روانہ ہوئے تھے۔ پارلیمانی وفد میں پاکستان کے مختلف علاقوں اور سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کرنے والے سینیٹر زجن میں نزہت صادق ، ستارہ ایاز ، محمد اکرم ، دلاور خان ,کہدہ بابر ، بیرسٹر محمد علی سیف ، مرزا محمد آفریدی اور سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک شامل تھے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ اور پارلیمانی وفد نے اہم سیاسی اور حکومتی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔جن میں پاکستان اور چین کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مستحکم بنانے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی عدم توازن کو دور کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے اور گوادر ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی بھی دعوت دی۔ پارلیمانی وفد کے اس دورے کے دوران چینی قیادت نے چیئرمین سینیٹ کی نوجوان قیادت اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید مربوط اور مستحکم بنانے کے عز م کو سراہا۔