مکّہ مکرمہ: غلاف کعبہ کی تیاری میں 120 کلو گرام سونا اور 100 کلو گرام چاندی استعمال ہوئی

گزشتہ روز 9 ذوالحج کو کعبہ پر نیا غلاف چڑھا دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 اگست 2018 12:17

مکّہ مکرمہ: غلاف کعبہ کی تیاری میں 120 کلو گرام سونا اور 100 کلو گرام چاندی ..
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اگست 2018) حج ہر مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ بھی فرماتا ہے کہ حج کرنے والا شخص گناہوں سے ایسے پاک ہو جاتا ہے جیسے اُس کی نئی نئی پیدائش ہوئی ہو۔اس وقت سرزمین حجاز پر لاکھوں کی تعداد میں آئے حاجی بہت مسرور دکھائی دے رہے ہیں۔ اور ہونا بھی چاہیے کیونکہ وہ ساری عمر اپنی آنکھوں میں سوتے جاگتے حج بیت اللہ کی سعادت کے خواب سجائے پھرتے رہے۔

آخر اللہ تعالیٰ نے اُنہیں اس فضیلت سے سرفراز فرمایا۔حج کا اجتماع اخوتِ اسلامی کا سب سے بڑا ترجمان ہوتا ہے۔ ہر رنگ‘ نسل‘ زبان اور خطے کے لوگ ایک ہی احرام میں ملبوس عالمی اتحاد و یگانگت کا بے مثال نظارہ پیش کرتے ہیں۔ گزشتہ روز مسجد الحرام میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب کا آغاز نماز فجر کے فوراً بعد ہوا ‘ اس موقع پر پُرانے غلاف کو اتارنے کے بعد خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

160 ماہرین نے غلافِ کعبہ کی تبدیلی کے مقدس فعل میں حصّہ لیا۔ تقریب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس، کلید بردار کعبہ شریف اور کئی دوسرے عہدیداران بھی موجود تھے۔اس غلاف کعبہ کی تیاری میں 200 افراد نے حصّہ لیا۔ یہ غلاف کعبہ خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے جس میں 670 کلو ریشم استعمال ہوا ہے جبکہ اس کی تیاری پر آنے والی لاگت تقریباً 20 لاکھ ریال کے لگ بھگ ہے۔

نئے غلافِ کعبہ کی تیاری میں 120 کلو گرام سونا اور 100 چاندی کا استعمال ہوا ہے۔ اس نئے غلاف کعبہ کو حرم شریف میں لانے کے فرائض کسوہ فیکٹری کے اہلکاروں نے انجام دیئے۔ اس مقدس غلاف پربیت اللہ کی حُرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کو اُجاگر کرنے والی قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں۔یہاں ہم قارئین کو بتاتے چلیں کہ ہر ہجری سال کی 9 ذوالحج کو یوم عرفہ کے موقع پرغلاف کعبہ تبدیل کر دِیا جاتا ہے۔ اُتارے جانے والے غلافِ کعبہ کسوہ کوکئی ٹکڑوں میں کاٹ کرحج کی سعادت کے لیے آئے سربراہانِ مملکت اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں و معززین کو بطور تحفہ پیش کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :