Live Updates

ْ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اخراجات میں کٹوتی،

سادگی اپنانے اور وسیع تر اصلاحات کے لئے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں، پی ٹی آئی حکومت سے فرنیچر سمیت تمام اشیائے تعیش کی درآمد پر پابندی لگانے کی توقع ہے ، میاں کاشف اشفاق

منگل 21 اگست 2018 12:40

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اپنے قوم سے خطاب میں اخراجات میں کٹوتی، سادگی اپنانے اور وسیع تر اصلاحات کے لئے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت تمام محاذوں پر اور کثیر جہتی اقتصادی پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار دوست ماحول اور برآمدات کا حجم بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔

منگل کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بہتر اقتصادی ٹیم، وزارتوں کے درمیان تعاون، معاشی بحران سے مؤثرطور پر نمٹنے کے لئے دانشمندانہ اور فوری فیصلے ملک کو موجودہ مشکل صورتحال سے باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کاروباری برادری کے لئے ہر ممکن تعاون اور برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کے اعلانات خوش آئند ہیں اور امید ہے کہ پی ٹی آئی حکومت فرنیچر سمیت تمام اشیائے تعیش کی درآمد پر پابندی لگائے گی، موجودہ حالات میں ملک ایسی اشیاء کی درآمد پر زرمبادلہ صرف کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ ماہانہ 1.5 بلین ڈالر کا درآمدی بل معیشت کے لئے ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بخوبی علم ہے کہ کاروباری برادری کو ان کی پالیسیوں پر اعتماد ہے اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد ہمارا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ عمران خان سرمایہ کاروں، صنعتکاروں، تاجروں اور بزنس مینوں کو ہر ممکن سہولیات دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ہم حکومتی ارباب اختیار کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کی شمولیت اور مشاورت کے بغیر کوئی قابل عمل حکومتی پالیسی تیار نہیں ہو سکتی اور اگر حکومت فرنیچر سیکٹر کو متحرک اور مضبوط کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گی تو پی ایف سی بہتر قانون سازی اور پالیسی سازی میں بھر پور معاونت کرے گی۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے آئندہ پانچ سالوں میں ملک بھر میں اربوں درخت لگانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے فرنیچر کیلئے لکڑی کی امپورٹ میں کمی آئے گی جس سے اربوں ڈالر کا غیر ملکی زر مبادلہ بچانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات کا شعبہ اب بھی بہت زیادہ فائدہ مند اور سرکاری اور نجی شعبوں کے لئے بڑی آمدنی کا ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی نقصانات سے بچائو اور دیہی معیشت کو لاحق خطرات میں کمی کا بھی ذریعہ ہے۔

پی ایف سی کے سربراہ نے کہا کہ وہ 10 ارب درختوں کی شجرکاری میں حکومت کی بھر پور سپورٹ اور اس مقصد کیلئے خصوصی فنڈ مختص کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کے ضمن میں سرکاری و نجی اداروں کے مابین تعاون انتہائی ضروری اور قابل عمل طریقہ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات