Live Updates

پی ٹی آئی کو (ن) لیگ کے مقابلے میں درست سمت میں گامزن اور آگے بڑھتا ہوا ملک ملا ‘ ٹریڈرز ونگ

منگل 21 اگست 2018 12:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت کے بعد جب مسلم لیگ (ن) نے باگ ڈور سنبھالی تو ہر چیز تباہ حال تھی جبکہ اس کے مقابلے میں تحریک انصاف کو درست سمت میں گامزن اور آگے بڑھتا ہوا ملک ملا ہے ،سابقہ حکومت نے توانائی اور دہشتگردی کے جن کو بوتل میں بند کیا جس سے معیشت سمیت ملک کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ۔

مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک کی ترقی میں جس کا جتنا کردار ہے اس پر جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے دھول ڈالنے کی بجائے اسے اس کا کریڈٹ دینا چاہیے ۔ موجودہ حکومت کو کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو سابقہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں اور ان سے معیشت کو ہونے والے فوائد سے آگاہ کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور پوری دنیا آگاہ ہے کہ جب مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی سے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو اس وقت معیشت آخری ہچکیاں لے رہی تھی اور آئی سی یو میں پڑی ہوئی تھی ۔ حکومت نے دن رات کی کاوشوں سے توانائی بحران اور دہشتگردی کے ناسور پر قابو پایا جس سے نہ صرف معیشت کی سانسیں بحال ہوئیں بلکہ اس کے معیشت سمیت ہر شعبے پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی وسائل میں اضافے کیلئے نہ صرف نئے شعبے تلاش کئے بلکہ ٹیکسیشن کے نظام میں بہتری لائی جس سے ملک کی مجموعی آمدن میں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے نئی حکومت کے دعوے اور وعدے سنے ہیں اور انہیں ان کی تکمیل کیلئے یاددہانی کراتے رہیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات