Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا عید کے موقع پر چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان عید کی چھٹیوں میں بھی امور مملکت چلائیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 اگست 2018 12:21

وزیراعظم عمران خان کا عید کے موقع پر چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 اگست 2018ء) وزیراعظم عمران خان عید کی چھٹیوں میں بھی امور مملکت انجام دیں گے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عید اسلام آباد میں منائیں گے، نمازِ عید ادا کرنے اور قربانی کے بعد وہ سرکاری امور کا جائزہ لیں گے۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم  نے عید کی چھٹیاں نہ کرنے کا فیصلے کیا ہے۔

جب کہ انہوں نے وفاقی وزرا کو بھی عید کے موقع پر زیادہ چھٹیاں نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ عید کے روز ضروری امور مملکت نمٹائے جائیں۔ یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ملک کے 22ویں وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔وہ جمعہ 17 اگست کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان منتخب ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قائد ایوان کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو شکست دی تھی ۔

وزیر اعظم منتخب ہو نے کے بعد اگلے ہی دن ہفتے کو عمران خان نے ایوان صدر میں حلف اٹھایا۔ جس کے بعد عمران خان نے باقاعدہ طور پر وزیراعظم آفس کا چارج سنبھال لیا۔انہوں نے بطور وزیر اعظم پاکستانی قوم سے خطاب بھی کیا اور اس خطاب میں تاریخی اعلانات کئیے گئے۔ اس موقع پر عمران خان نے ایک مرتبہ پھرکرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کرپشن کو ختم کرنے کے لیے اہم ترین اعلان کردیا ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی نشاندہی کرنے والے کو 20 سے 25 فیصد انعام ملے گا۔ انکا کہنا تھا کہ اب یہ سب نہیں چلے گا ،یا تو یہ کرپٹ لوگ بچیں گے یا پھر ملک بچے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس شخص کے اربوں روپے باہر ہوں وہ کس طرح سے اس ملک کا وفادار ہو سکتا ہے۔۔۔عمران خان کے اس فیصلے کو بہت سراہا جارہا ہے۔تجزیہ کاروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کرپشن کی نشاندہی کرنے پر عمران خان نے جو اعلان کیا ہے وہ کافی سود مند ثابت ہو گا اوریوں لوگ کھل کر اس کے خلاف بات کریں گے اور اسکی نشاندہی بھی کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات