یوئیفا نے سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے حتمی تین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا

ایوارڈ کے لیے کرسٹیانو رونالڈو، محمد صلاح اور لوکا موڈرچ میں مقابلہ ہو گا ،ْایوارڈ کے فاتح کے نام کا اعلان 30اگست کو ہو گا

منگل 21 اگست 2018 13:13

زیورخ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) یوئیفا نے سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے حتمی تین کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور ایوارڈ کے لیے کرسٹیانو رونالڈو، محمد صلاح اور لوکا موڈرچ میں مقابلہ ہو گا ،ْان تین کھلاڑیوں کے ناموں کا انتخاب چیمپیئنز لیگ اور یوروپا لیگ کھیلنے والی 80ٹیموں کے کوچز کے ساتھ ساتھ یوئیفا کی ایسوسی ایشن میں شامل 55صحافیوں کی جانب سے دیے گئے ووٹوں کی روشنی میں کیا گیا۔

گزشتہ دو سیزن سے یہ ایوارڈ جیتنے والے موڈرچ اور رونالڈو نے رواں سال ریال میڈرڈ کیلئے لگاتار تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتی جبکہ رونالڈو لگاتار چھٹے سال چیمپیئنز لیگ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی رہے۔موڈرچ نے ورلڈ کپ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کروشیا کو فائنل تک پہنچایا اور گولڈن بال کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے ،ْمحمد صلاح نے انگلش فٹبال کلب لیورپول کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیزن میں 44 گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو چیمپیئنز لیگ کے فائنل تک رسائی دلائی۔

(جاری ہے)

انٹوئن گریزمین اس فہرست میں چوتھے نمبر پر رہے جنہوں نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کیلئے یوروپا لیگ جیتنے کے بعد عالمی کپ جیتنے کا بھی اعزاز حاصل کیا ،ْ بارسلونا کے لیونل میسی پانچویں نمبر پر رہے۔اس ایوارڈ کے فاتح کے نام کا اعلان 30اگست کو ہو گا۔

متعلقہ عنوان :