Live Updates

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں،

ہمیں متاثرین کیلئے محض الفاظ کی ادائیگی سے بڑھ کر کچھ کرنا ہوگا، حکومت پاکستان اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، یہ دن دراصل متاثرین،اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کرنے اور ان کو خراج تحسین پیش کرنے کا بھی دن ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے جوانوں سمیت ہزاروں جانوں کی قربانی دی، وزیراعظم عمران خان کا پہلے بین الاقوامی یوم متاثرین دہشتگردی کے موقع پر اظہار

منگل 21 اگست 2018 14:26

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری دہشت گردی متاثرین کی مدد کیلئے ملکر اقدامات کرے ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ منگل کو دہشت گردی کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی یاد میں منائے جانے والے بین الاقوامی دن کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کیلئے پہلی بار منائے جانے والے بین الاقوامی دن کے موقع پر حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام ان تمام متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردوں کے ہاتھوں نقصان اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ یہ دن دراصل اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کرنے اور ان کو خراج تحسین پیش کرنے کا بھی دن ہے جنہوں نے پاکستان اور عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے بے بہا قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے جوانوں سمیت ہزاروں جانوں کی قربانی دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس موقع پر بالخصوص آرمی پبلک سکول پشاور پر بہیمانہ دہشتگرد حملے کے 130 سے زائد شہداء کو یاد کر رہے ہیں اور ان کیلئے دعاگو ہیں۔ یہ وہ شہداء ہیں جو اوائل عمری میں ہم سے جدا ہوگئے اور ان کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش قیمت قربانیوں کے باوجود دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، دہشت گردی کے ہر واقعہ کے بعد پاکستانی قوم نے روشن خیالی، شہداء کی قربانیوں کو اہمیت دینے اور ان کا ادراک و احساس کرنے کی اقدار کا مظاہرہ کیا ہے اور ہماری یہ اقدار عدم برداشت، نفرت اور تشدد کی قوتوں جو ہمیں تقسیم کرنا چاہتی ہیں سے زیادہ مضبوط ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج جبکہ پوری دنیا میں یہ دن منایا جا رہا ہے تو اس موقع پر ہمیں متاثرین کیلئے محض الفاظ کی ادائیگی سے بڑھ کر کچھ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری کو دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کیلئے ملکر اقدامات کرنے ہوں گے، حکومت پاکستان نے اپنے حصے کا کام کرتے ہوئے دہشت گردی کے متاثرین کی مدد کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں، ان میں عارضی طور پر بے گھر ہونے والوں کی بحالی، تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کی تعمیرنو اور متاثرین اور ان کے خاندانوں کو معاوضوں کی ادائیگی سمیت مختلف اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ ہیں اور دہشت گردی کے متاثرین کیلئے ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے پر زور دیتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات