عید الاضحی پس منظر میں فلسفہ ایثار و قربانی اور رضائے الٰہی کیلئے اپنی عزیز ترین چیز قربان کر نے سے عبارت ہے، راجہ فاروق حیدر

کشمیری عوام سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں پیش کر رہی ہے،ہماری حقیقی عید یقینااس دن ہو گی جب ساری ریاست بھارتی تسلط سے آزاد ہوجائیگی، وزیراعظم آزاد کشمیر کا پیغام

منگل 21 اگست 2018 14:56

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے مقد س و محترم دن کے موقع پر ملت اسلامیہ کے تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔عید الاضحی کے پس منظر میں فلسفہ ایثار و قربانی اور رضائے الہٰی کیلئے اپنی عزیز ترین چیز حتیٰ کے اولاد کو بھی قربان کر دینے سے عبارت ہے ۔

کشمیری عوام سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں پیش کر رہی ہے ۔ہماری حقیقی عید یقینااس دن ہو گی جب ساری ریاست بھارتی تسلط سے آزاد ہوجائے گی اور سیز فائر لائن کی دوسری جانب بسنے والے ہمارے بہن بھائی بھی آزاد فضاؤں میں ملت اسلامیہ کے ساتھ مل کر عید کی خوشیاں منائیں گے ۔

(جاری ہے)

قابض بھارتی مسلح افواج معصوم شہریوں کو سفاکانہ انداز میں قتل کر رہی ہے ۔

لوگوں کو بغیر کسی جرم کے پکڑ کر پابند سلاسل کر دیا جاتا ہے ۔ لائن آف کنٹرول پر قابض افواج بلا اشتعال فائرنگ کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے ، لائن آف کنٹرول کے عوا م کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی ۔ عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ اس اہم موقع پرہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

میں اس موقع پر پورے عالم اسلام سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کے اجتماعات میں کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے دعائیں کی جائیں ۔ ہمارا نصب العین سچائی اور انصاف پر مبنی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اگر سچے جذبے اور قوت ایمانی کے ساتھ ہم اپنے مقصد کے حصول کیلئے کوشاں رہے تو اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری تمام تر صلاحیتیں تحریک آزادی کی حتمی کامیابی کیلئے وقف رہیں گی ۔

آزاد کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے اپنا کردار بھر پور انداز میں ادا کر رہی ہے اور انشاء اللہ آئیندہ بھی کرتی رہے گی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے علاوہ بھارتی عزائم کو بے نقاب کر کے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب لانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرئے گی۔انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنا بنیادی حق ، حق خود ارادیت لیکر رہیں گے ۔