Live Updates

شہید پولیس اہلکارعمران کا وزیراعظم عمران خان کے نام آخری پیغام،ویڈیو وائرل

شہید اہلکارنے وزیر اعظم سے سندھ پولیس کی تنخواہیں بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 اگست 2018 15:46

شہید پولیس اہلکارعمران کا وزیراعظم عمران خان کے نام آخری پیغام،ویڈیو ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 اگست 2018ء) ‏ کراچی کے ایک پولیس اہلکار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں اس کا کہنا تھا کہ میرا نام عمران ہے اور میں کراچی میں رہتا ہوں۔اور میرا پیغام عمران خان کے لیے ہے۔سب سے پہلے تو عمران خان کو بہت بہت مبارک ہو۔آپ نے کراچی اور پنجاب میں بہت سیٹیں نکالی ہیں۔آپ نے خیبرپختونخوا میں بھی کامیابی حاصل کی اور مجھے اس بات کی خوشی ہے۔

لیکن عمران خان آپ اپنی کابینہ میں ایسے وزرا کو رکھئیے گا جو کرپٹ نہ ہوں۔خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں سندھ پولیس سے سو فیصد زیادہ ہیں جب کہ پنجاب پولیس کی تنخواہیں بھی سندھ پولیس سے زیادہ ہیں۔میری خواہش ہے کہ جب آپ وزیراعظم بنیں تو سندھ پولیس پر بھی نظر کرم کریں۔اور ہماری بھی تںخواہیں بڑھائیے گا کیونکہ ہماری تنخواہیں تینوں صوبوں سے کم ہیں۔

(جاری ہے)

جب کہ دوسری طرف دعوی کیا جا رہا ہے کہ عمران خان سے وزیراعظم بننے کے بعد تنخواہیں بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرنے والا پولیس اہلکار شہید ہو چکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روز قبل کراچی کے علاقے کریم آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار عمران جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا تھا۔ ایس ایس پی عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ اہلکار عمران رہزنی کی واردات کو روکنے کی کوشش میں شہید ہوئے۔

سوشل میڈیا پر شہید اہلکار کی یہ ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس نے لوگوں کو جذباتی کر دیا ہے۔اور کہا ہے کہ شہید عمران نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا ہے اس کے لیے ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔جب کہ دوسری طرف سوشل میڈیا صارفین نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا ہے کہ سندھ پولیس کی تنخواہیں بڑھائی جائیں۔شہید عمران کیسے وزیراعظم پاکستان سے اپنی آخری خواہش کا اظہار کر رہے تھے،آپ بھی ویڈیو میں ملاحظہ کیجئے:
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات