اظہرالدین کا ریکارڈ پاش پاش،

ویرات کوہلی 23 ٹیسٹ سنچریاں بنا کر سہواگ کے ہم پلہ ہو گئے، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 400 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے چھٹے بھارتی کھلاڑی کا اعزاز بھی پا لیا

منگل 21 اگست 2018 16:05

نوٹنگھم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف جاری تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کے کیریئر کی 23ویں سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی وہ زیادہ سنچریاں بنانے والے مشترکہ طور پر چوتھے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے سابق ہم وطن کھلاڑی اظہرالدین کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا، جنہوں نے 22 سنچریاں بنا رکھی تھیں جبکہ کوہلی 23 سنچریاں بنا کر وریندر سہواگ کے ہم پلہ ہو گئے ہیں، بھارت کی جانب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے کا اعزاز سچن ٹنڈولکر کو حاصل ہے جنہوں نے 51 سنچریاں بنا رکھی ہیں، راہول ڈریوڈ 36 سنچریوں کے ساتھ دوسرے اور سنیل گواسکر 34 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، اس کے ساتھ ساتھ کوہلی انگلینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں 400 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے چھٹے بھارتی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، اس سے قبل سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، سنیل گواسکر، اظہرالدین اور وجے بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں، ٹنڈولکر اور ڈریوڈ نے دو، دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :