توہین آمیرخاکوں کیخلاف دیر ویلفیئر آرگنائزیشن پشاور علماء ونگ کے زیراہتمام ریلی،

حکومتی سطح پر ہالینڈ سے باضابطہ احتجاج کا مطالبہ

منگل 21 اگست 2018 16:16

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) دیر ویلفیئر آرگنائزیشن پشاور علماء ونگ کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مغربی ممالک کی میڈیا میں رسول پاکﷺ کی شان میں آئے روز توہین آمیز واقعات کے ذریعے امت مسلمہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور ڈچ اخبار میں حالیہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے اشتعارات کی اشاعت کی شدید مذمت کی گئی اور اس پر حکومت پاکستان سے ہالینڈ سے باضابطہ احتجاج کا مطالبہ کیا گیا۔

آرگنائزیشن کے مرکزی صدر حاجی سلطان یوسف عرف دیرلالاجی کی زیرقیادت مذمتی ریلی میں اس فلاحی تنظیم کے عہدیداروں اور ممبران کے علاوہ مقامی آئمہ کرام اور عمائدین علاقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی جو رنگ روڈ پر دیر مہمان خانہ سے شروع ہوئی اور پھندو روڈ تھانہ سے ہوتی ہوئی جمیل چوک پر اختتام پذیر ہوکر بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔

(جاری ہے)

علماء ونگ کے صدر مولانا نور محمد، آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹری حاجی شیریں رحمان، میڈیا سیکرٹری غلام حسین غازی اور سابق صدر حاجی محمد سعید نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ مغرب پیغمبر اسلام کی توہین کے نت نئے شیطانی واقعات کے ذریعے مسلم حکمرانوں کا جذبہ ایمانی چیلنج کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچاس سے زائد اسلامی ممالک کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور امت مسلمہ کی صدائے احتجاج کو بلند کریں۔

انہوں نے عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑتے ہوئے خبردار کیا کہ وہ اللہ تعالی کے جلیل القدر آخری پیغمبر کی توہین پر خاموش تماشائی بن کر دراصل عذاب الٰہی کو کھلم کھلا دعوت دے رہی ہے اسلئے وہ نوشتہ دیور پڑھ لے اور پاک پیغمبروں کی شان میں گستاخی کا وطیرہ ترک کرے۔ مقررین نے مطالبہ کیا ہالینڈ کے عوام اخبار انتظامیہ کی اس شرمناک حرکت کا خود نوٹس لیں ۔