باغبانوں کو آم کے نئے پودے لگانے کا عمل وسط ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 21 اگست 2018 16:16

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) ماہرین زراعت نے باغبانوں کو آم کے نئے پودے لگانے کا عمل وسط ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہا ہے کہ جو باغبان و کاشتکار آم کے نئے پودے لگانا چاہتے ہوں وہ مذکورہ مدت کے دوران نئے پودے لگا لیں تاکہ ان کی بروقت بڑھوتری کا سلسلہ شروع ہو سکے، ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ نئے پودے لگانے کیلئے انتہائی موزوں ہے ، انہوںنے کہا کہ باغات میں لگانے کیلئے آم کے ایسے پودوں کا انتخاب کیا جائے جو درمیانے قد کے ہوں اور ان کی عمر 3سال سے زائد نہ ہو، روٹ سٹاک اور سائن کی موٹائی تقریباً برابر ہونی چاہیے ، پودے چھتری نما اور ان کی تین سے چار شاخیں ہوں، انہوں نے بتایا کہ پیوندکی اونچائی زمین سے 20سے 30سینٹی میٹر ہو اور پودا نرسری میں تبدیل شدہ ہو یا اس کی جڑ نیچے سے کاٹی گئی ہو جس کا تنا بھی زخمی نہ ہو، انہوں نے کہا کہ پودوں کی گاچی 25سینٹی میٹر چوڑی اورلمبائی 30سے 35میٹر تک ہو ، آم کے پودے کو تھرپس ، سکیل، ملی بگ سمیت مختلف کیڑوں سے پاک ہوناچاہیے ، مربع نما طریقہ سے پودے سے دوسرے پودے اورایک قطار سے دوسری قطار کا فاصلہ ہمیشہ برابر ہونا چاہیے تاکہ آم کے پودے کی بڑھوتری متاثرنہ ہو۔

متعلقہ عنوان :