غزہ ،صہیونی فوج نے ’زیکیم‘ کے مقام پر فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا، لاش قبضے میں لے لی

منگل 21 اگست 2018 16:20

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی شمالی سرحد پر’زیکیم‘ کے مقام پر ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کیا اور اس کے بعد اس لاش قبضے میں لے لی۔عبرانی میڈیا کے مطابق ایک فلسطینی نوجوان زیکیم کے مقام پر 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں دراندازی کی کوشش کے دوران 500 میٹر کی مسافت سے گولیاں لگنے سے شہید ہوگیا۔

(جاری ہے)

دوسرے ذرائع کے مطابق فلسطینی نوجوان کو ایک ٹینک سے گولہ مارا گیا اور اسے ڈرون کے ذریعے بھی نشانہ بنایا گیا۔عبرانی میڈیا کے مطابق فلسطینی نوجوان کی خون آلود لاش اور اس کے پاس ایک کلاشنکوف بھی دکھائی ہے۔ وہ شہید ہونے کے بعد زمین پر پڑا ہوا ہے۔قبل ازیں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ کی شمالی سرحد پر فلسطینیوں کیساتھ ایک جھڑپ ہوئی جس میں دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا۔فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ شہید فلسطینی کی شناخت ھانی محمد المجدلاوی کے نام سے کی گئی ہے۔ قابض فوج نے شہید کا جسد خاکی قبضے میں لے لیا۔