عید الاضحی کے مذہبی تہوار کے پس منظر میں ایک عظیم فلسفہ کار فرما ہے ،سردار مسعود خان

یہ فلسفہ ایثار و قربانی اور رضائے الٰہی کیلئے اپنی عزیز ترین چیز حتیٰ کے اولاد کو بھی قربان کر دینے سے عبارت ہے ،کشمیری عوام کے بنیادی حقوق مکمل طور پر سلب کر دیئے گئے ہیں،آزاد کشمیر حکومت بھارتی عزائم بے نقاب، دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی، صدر آزاد کشمیر

منگل 21 اگست 2018 16:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعودخان نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے مذہبی تہوار کے پس منظر میں ایک عظیم فلسفہ کار فرما ہے ، یہ فلسفہ ایثار و قربانی اور رضائے الٰہی کیلئے اپنی عزیز ترین چیز حتیٰ کے اولاد کو بھی قربان کر دینے سے عبارت ہے ،جمہوریت کا دعویٰ کرنیوالا ملک جمہوریت کی مکمل طور پر نفی کر رہا ہے، کشمیری عوام کے بنیادی حقوق مکمل طور پر سلب کر دیئے گئے ہیں،تمام تر صلاحیتیں تحریک آزادی کی حتمی کامیابی کیلئے وقف کرنے کا اعادہ کرتے ہیں ،آزاد کشمیر حکومت بھارتی عزائم بے نقاب، دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب دلانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

عید الاضحی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ عیدالاضحی کے مقد س و محترم دن کے موقع پر میں ملت اسلامیہ کے تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

آج کشمیری قوم اس سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں پیش کر رہی ہے ۔ آٹھ لاکھ کے قریب بھارتی مسلح افواج معصوم شہریوں کو سفاکانہ انداز میں قتل کیا جا رہا ہے ۔

اب تک 80ہزار سے زائد مر د و زن بھارتی افواج کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں ۔ لوگوں کو بغیر کسی جرم کے پکڑ کر پابند سلاسل کر دیا جاتا ہے اور مقبوضہ ریاست کی اقتصادیات کو تباہ کر کے رکھ کر دیا گیا ہے ۔جمہوریت کا دعویٰ کرنے والا ملک جمہوریت کی مکمل طور پر نفی کر رہا ہے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق مکمل طور پر سلب کر دیئے ہیں ۔ کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم ہے ۔

مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی کا نام دے رہا ہے ۔بھارت کے ان غیر انسان اور غیر اخلاقی ہتھکنڈوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ عالمی سطح پر ان اقدامات کا نوٹس لیا جا رہا ہے ۔ عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر ریاست نے کہا کہ ہم ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی حریت کانفرنس اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری تمام تر صلاحیتیں تحریک آزادی کی حتمی کامیابی کیلئے وقف رہیں گی ۔

آزاد کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے اپنا کردار بھر پور انداز میں ادا کر رہی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی کرتی رہے گی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے علاوہ بھارتی عزائم کو بے نقاب کر کے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب لانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریگی ۔انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنا بنیادی حق ، حق خود ارادیت لیکر رہیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ آئیے اس اہم موقع پر اس عزم کی تجدید کریں کہ تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔میں اس موقع پر پورے عالم اسلام سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کے اجتماعات میں کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے دعائیں کی جائیں ۔ ہمارا نصب العین سچائی اور انصاف پر مبنی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اگر سچے جذبے اور قوت ایمانی کے ساتھ ہم اپنے مقصد کے حصول کیلئے کوشاں رہے تو اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔

ہماری حقیقی عید یقینااس دن ہو گی جب ساری ریاست بھارتی تسلط سے آزاد ہو جائے گی اور سیز فائر لائن کی دوسری جانب بسنے والے ہمارے بہن بھائی بھی آزاد فضاؤں میں ملت اسلامیہ کے ساتھ مل کر عید کی خوشیاں منائیں گے ۔خد ا ہمارا حامی و ناصر ہو۔