سیدعلی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوںکی طرف سے مسلمانوں خاص طورپر کشمیر عوام کو عید کی مبارک باد

منگل 21 اگست 2018 16:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموںنے دنیا کے بھر کے مسلمانوں کو بالعموم اور جموںوکشمیر کے مسلمانوںکو بالخصوص عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی نے اپنے پیغام میں مسلمانوںکو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے عید کے پر مسرت موقع پر یتیموں، بیوائوں اور مسکینوں کا خاص خیال رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم جن سنگین حالات سے دوچار ہے، اس کا تقاضا ہے کہ ہم عید کے موقعے پر ہر طرح کے فضولیات اور لغویات سے پرہیز کریںاور عید سادگی سے منائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کشمیریوں سے کہاکہ عید کی خوشیوں میں کشمیری شہداء اور نظربندوں کے اہلخانہ کو بھی شامل کریں۔

حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے عیدالاضحی کے موقع پر عالم اسلام سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دل کی عمیق گہرائیوں کے ساتھ عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوںنے ایک پیغام میں کہاکہ دراصل عید قربان سے ہمیں امتحان کی ہر گھڑی میں ایثار و قربانی ، ایمان و یقین، اطاعت و فرماں برداری، تسلیم و رضا، صدق و صفا کے شیوہ براہیمی اپنانے کا پیغام دیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں عید الاضحی ایک ایسے وقت میںمنائی جارہی ہے جب جموںوکشمیر کے سیاسی تشخص اس کی شناخت اور اس کی متنازعہ حیثیت کو بگاڑنے کیلئے کشمیر دشمن اور فرقہ پرست قوتیںاپنے مکروہ عزائم کے تکمیل کیلئے ایک مذموم مہم جوئی میں مصروف ہیں۔تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمداشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عیدالاضحی کے پر مسرت موقع کشمیری شہداء اور نظربند رہنمائوں کے اہلخانہ کو یاد رکھنے اور انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرنے پر زوردیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایک بیان میں جموںوکشمیر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ عید مسلمانوں کیلئے امن، خوشحالی، بھائی چارہ، اتحاد واخوت کا پیغام ثابت ہو۔جموںوکشمیر ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی ،غلام محمد خان سوپوری ،مسلم لیگ اور پیروان ولایت نے اپنے پیغامات میں عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ عید سادگی سے منائیں۔

اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی ،انجمن حمایت الاسلام بالخصوص صدر مولانا خورشید احمد قانونگو، مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا عبدالحق اویسی و دیگر مقتدر اراکین نے عید پر اہلیان کشمیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام کو اس موقعہ پر کشمیری شہداء اور نظربندوں کے اہلخانہ کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ادھر جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک پیغام میں مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارک باد دی ہے ۔