Live Updates

قوم کی بیٹی عافیہ کی 32ویں عید امریکی حراست میں گذرے گی ،ْڈاکٹر فوزیہ صدیقی

منگل 21 اگست 2018 17:02

قوم کی بیٹی عافیہ کی 32ویں عید امریکی حراست میں گذرے گی ،ْڈاکٹر فوزیہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عافیہ کی فیملی کی جانب سے اہلیان اسلام کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ قربانی کے مبارک ایام میں علمائے کرام اور عوام قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں ۔عیدالاضحی کے موقع پر میڈیا کو جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی جرم بے گناہی کی پاداش میں مجموعی طور پر یہ 32ویں عید امریکی حراست میں گذرے گی۔

دنیا بھر میں قیدیوں کو اپنے اہل خانہ سے رابطہ و ملاقات کرنے کی اجازت حاصل ہوتی ہے مگر عافیہ کو گذشتہ ڈھائی سال سے اپنی فیملی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی سہولت سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکہ میں قیدیوں کو ہرماہ 300 منٹ فیملی، عزیز واقارب اور دوستوںسے ٹیلی فون پر بات چیت کی اجازت حاصل ہے اور اس کے علاوہ اب تو قیدیوں کو وڈیوکانفرنس کے ذریعے بھی اہلخانہ سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔

مئی ، 2018ء میں پاکستانی قونصلرجنرل عائشہ فاروقی کی عافیہ سے کارزویل جیل میں ملاقات کی رپورٹ جو کہ سپریم کورٹ میں بھی جمع کرائی جاچکی ہے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عافیہ کے ساتھ انسانی و مذہبی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جاری ہیں۔ عافیہ کو جیل میں غلط معلومات فراہم کی جارہی ہیں جو کہ تشویش کا باعث ہے۔عائشہ فاروقی کی رپورٹ کے مطابق عافیہ کیلئے کارزویل جیل میں اپنے دین اسلام پر عمل کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں ہے، وہ انتہائی مشکل حالات میں زندگی بسر کررہی ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ ہرسال کی طرح اس سال بھی عافیہ کی والدہ اور بچوں نے عافیہ کی طرف سے قربانی کا اہتمام کیاہے اور وہ عید کے موقع پر عافیہ سے ٹیلی فون پر بات کرنا چاہتے ہیں۔نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے عافیہ کی وطن واپسی کا وعدہ اپنے انتخابی منشور میں کیا ہے ، اہلخانہ امید کرتے ہیں عافیہ اگلی عید اپنے وطن میں منائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات