شاہ رخ جتوئی کے ہاتھوں قتل ہونے والے شاہ زیب خان کے والد انتقال کر گئے

پوری عمر کوشش کی ، لیکن بیٹے کو انصاف نہیں دلوا سکے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 اگست 2018 16:34

شاہ رخ جتوئی کے ہاتھوں قتل ہونے والے شاہ زیب خان کے والد انتقال کر گئے
نیوزی لینڈ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2018ء) : شاہ رخ جتوئی کے ہاتھوں قتل ہونے والے شاہ زیب خان کے والد اورنگزیب خان انتقال کر گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ زیب خان کے والد اورنگزیب خان کا انتقال نیوزی لینڈ میں ہوا۔ وہ گذشتہ کچھ عرصہ سے علالت کا شکار تھے۔ علالت کے باعث ہی وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ اورنگزیب خان کی تدفین آج آکلینڈ میں ہی کی جائے گی۔

اورنگزیب خان کے قریبی ساتھیوں کے مطابق وہ حال ہی میں تعطیلات پر نیوزی لینڈ گئے تھے جہاں ان کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ انتقال کر گئے۔ شاہ زیب خان کے والد اورنگزیب خان سندھ پولیس کے ایس پی رہے اور آج کل اے ڈی آئی جی کرائم برانچ کے عہدے پر تعینات تھے۔ یاد رہے کہ 25 دسمبر 2012ء میں مقتول شاہ زیب خان کی بہن کے ساتھ شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوست غلام مرتضیٰ لاشاری نے بدسلوکی کی جس پر شاہ زیب نے مشتعل ہو کر ملزمان سے جھگڑا کیا۔

(جاری ہے)

موقع کے وقت معاملے کو رفع دفع کردیا گیا تاہم شاہ رخ جتوئی نے بعد ازاں دوستوں کے ساتھ شاہ زیب کی گاڑی پر فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا۔ کچھ عرصہ قبل سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت تمام گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس پر سول سوسائٹی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔

رواں برس مارچ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 3 رکنی بینچ تشکیل دیا تھا اور سماعت پر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے ساتھ انہیں دوبارہ حراست میں لینے کا حکم دیا تھا۔ شاہ زیب کے والد اورنگزیب کی وفات پر انٹرنیٹ صارفین نے بھی دکھ کا اظہار کیا اور شاہ زیب کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ مقتول شاہ زیب کے والد نے اپنی عمر میں اپنے مقتول بیٹے کو انصاف دلوانے کی پوری کوشش کی لیکن افسوس کہ وہ اپنے بیٹے کو انصاف نہیں دلوا سکے اور اب خود بھی جہان فانی سے کُوچ کر گئے۔