پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا دہشت گردی کے متاثرین کو خراج عقیدت

دہشت گردی کے عالمی مسئلہ سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ

منگل 21 اگست 2018 17:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے متاثرین کے بین الاقوامی دن کے موقع پر دہشت گردی کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ منگل کو پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کچھ عرصہ سے بالخصوص گذشتہ دو دھائیوں کے دوران دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج نے دہشت گردی کا دلیرانہ مقابلہ کیا ہے اور اس چیلنج کا کامیابی سے سامنا کیا ہے اور اس سے موثر طور پر نمٹنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام سیکورٹی فورسز جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف دلیرانہ جنگ لڑی سمیت دہشت گردی کے متاثرہ جرات مند خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارا اجتماعی عزم ان تمام قوتوں کو شکست دے گا جنہوں نے ہمیں تاریکی کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی لیکن ہم نے اپنی قومی مزاحمت اور عزم سے انہیں ناکام کیا۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہاکہ ہم دہشت گردی خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہو کی شدید مذمت کرتے ہیں اور قیام امن کیلئے امن کی تمام قوتوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔