Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رکن اسمبلی پر شہری پر تشدد کا الزام

اسپتال کے ملازم نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن ضیا اللہ بنگش پر سرعام تشدد کا الزام عائد کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 اگست 2018 17:46

پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رکن اسمبلی پر شہری پر تشدد کا الزام
کوہاٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2018ء) :پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رکن اسمبلی پر شہری پر سر عام تشدد کا الزام عائد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری اسپتال کے ملازم نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ضیا اللہ بنگش پر سر عام تشدد کا الزام عائد کیا۔ کوہاٹ میں سرکاری اسپتال کے فارمیسی ٹیکنیشن کامل حسین نے پریس کانفرنس کے دوران الزام عائد کیا کہ 3 روز قبل پی ٹی آئی کے ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوئے۔

انہوں نے پہلے ڈیوٹی پر موجود اہلکار کے بارے پوچھا، پھر ضیا اللہ بنگش ، ان کے بھائی اور دیگر ساتھیوں نے مل کر مجھے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔کامل حسین نے کہا کہ مجھ پر سرعام تشدد ہوا، 3 دن ہوگئے لیکن مجھے تاحال انصاف نہیں ملا، مجھ پر ضیا اللہ بنگش اور ان کے ساتھیوں کے تشدد کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی موجود ہے لیکن بااثر رکن صوبائی اسمبلی نے پولیس پر دباؤ ڈال کر سی سی ٹی وی فوٹیج کسی کو نہ دینے کا کہا ہے، کامل نے کہا کہ میں حکومت وقت سے اپیل کرتا ہوں کہ مجھے انصاف دلوایا جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے بھی سڑک پر ایک شہری کو تھپڑ رسید کیے تھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے رکن اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کیا۔ عمران شاہ نے شہری کے گھر جا کر معافی بھی مانگی لیکن پاکستان تحریک انصاف نے ایک ماہ کے لیے رکن اسمبلی عمران علی شاہ کی رکنیت معطل کر کے معاملہ کمیٹی کے حوالے کر دیا تھا تاہم اب پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخواہ اسمبلی ضیاء اللہ بنگش پر بھی ایک اسپتال کے ملازم نے سر عام تشدد کا الزام عائد کیا ہے، پارٹی کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات