عید انتخابات کے موقع پر آئی ہے ،ْ لوگ محسوس کررہے ہیں کہ ان کے ووٹوں کو چرایا گیا ہے ،ْ سابق صدر زر داری

عید کا پیغام سماجی انصاف کا پیغام ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم زندگی کا مقصد اعلیٰ بنائیں ،ْ بیان

منگل 21 اگست 2018 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج عید کے دو پیغام ہیں ایک تو یہ کہ قربانی کے لیے تیار رہا جائے اور دوسرا یہ کہ اپنی انا کو قربان کریں تاکہ مسلمان مقصد اور اپنے اعمال میں اتحاد پیدا کر سکیں۔

منگل کو سابق صدر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمومی اور پاکستان کے مسلمان بھائی اور بہنوں کو خصوصی طور پر عید کی مبارکباد پیش کی۔ آج عید انتخابات کے موقع پر آئی ہے اور اس وقت معاشرہ اور ریاست دو مشکلات کا شکار ہیں ،ایک تو یہ کہ لوگ یہ محسوس کر رہے ہیں کہ ان کے ووٹوں کو چرایا گیا ہے اور اس طرح عوام کا اتحاد پارہ پارہ ہونے کا خطرہ ہے اور دوسرا یہ کہ کچھ لوگوں کی انا حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور وہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ عوام نے انھیں اقتدار کے منصب پر بٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

اب فوری ضرورت اس بات کی ہے کہ اس حد سے بڑھی ہوئی انا کو قربان کیا جائے تا کہ عوام کو قومی مقصد کے لیے متحد کیا جا سکے اور یہ اقدام عید کے دونوں پیغاموں اور مقاصد کے مظابق ہو گا۔ سابق صدر نے کہا کہ اس موقع پر ان لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کیا جائے جو غریب اور نادار ہیں۔ عید کا پیغام سماجی انصاف کا پیغام ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم زندگی کا مقصد اعلیٰ بنائیں۔