مقبوضہ کشمیر :حریت رہنمائوںکی طرف سے مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارک باد

صاحب ثروت افراد کشمیری شہداء اور نظربندوں کے اہلخانہ کو یاد رکھیں

منگل 21 اگست 2018 18:00

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت رہنمائوں سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد اشرف صحرائی نے پوری امت مسلمہ کو باالعموم اور جموںوکشمیر کے عوام کو باالخصوص عید الاضحی کی مبارک باد دی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک پیغام میں کشمیری مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اسلامی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے عید سادگی سے منائیں ۔

انہوںنے کہاکہ مظلوم قومیں جبری تسلط سے مکمل آزادی حاصل کرنے کے بعدہی عید مناتی ہیں۔انہوںنے اسلامی تہوار کے موقع پر حریت رہنمائوںکی مسلسل نظربندی کوبھارتی آمریت کاواضح ثبوت قراردیا۔ میر واعظ عمر فاروق نے اپنے پیغام میں کہاکہ کشمیری ایک ایسے وقت میںعید منارہے ہیں جب بھارت جموںوکشمیر کی سیاسی شناخت اور متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کی سازشیں کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے صاحب ثرورت افراد پر زوردیا کہ وہ عید کے پر مسرت موقع پر کشمیری شہداء اور نظربندوں کے اہلخانہ کو یاد رکھیں۔ دیگر حریت رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری ، ظفر اکبربٹ ، بلال احمد صدیقی اور محمد فاروق رحمانی نے بھی کشمیری مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی ۔ادھرریاسی، پونچھ، ڈوڈہ،راجوری اور وادی کشمیر سے گجر بکروال برادری کے نمائندوںنے ضلع گاندربل کے علاقے کنگن میں ایک اجلاس میں جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کا ہر حال میں تحفظ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔

متعدد تجارتی اور صنعتی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بھارتی آئین کی دفعہ 35Aکی منسوخی کی بھارتی کوششوںکے خلاف پرتاپ پارک سرینگر میں احتجاجی دھرنا دیا ۔ضلع کشتواڑ کے علاقے ڈول میں ہندو یاتریوں کی ایک گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے کم سے کم 12یاتری ہلاک ہو گئے ۔ علاقے میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا حادثہ ہے ۔دریں اثناء ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی نے حج کے موقع پر ٹویٹر پر جاری اپنے پیغامات میںمسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ جموںوکشمیر کے مظلوم عوام کیلئے دعا کریں۔