میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے پنشنروں کو پنشن کی ادائیگی نہ ہونے سے 2800 خاندانوں کی عید پھیکی پڑ گئی

منگل 21 اگست 2018 18:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2018ء) حکومت کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر حاضر سروس و ریٹائرڈ سرکاری ملازمین و پنشنروں کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے واضح احکامات کے باوجود میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کے پنشنروں کو پنشن کی ادائیگی نہ ہونے سے 2800 خاندانوں کی عید پھیکی پڑ گئی میونسپل پنشنرز ایکشن کمیٹی نے واجبات کی عدم ادائیگی پرشدید احتجاج کرتے ہوئے عید کے فوری بعد احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا ہے ایکشن کمیٹی نے پنشن کی عدم ادائیگی کو بنکون اور میونسپل حکام کی ملی بھگت قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پنجاب بنک انتظامیہ نئی حکومت کی خوشنودی کے لئے اپنے اکائونٹ میں بھاری رقوم طاہر کر رہی ہے جبکہ غریب پنشنروں کے گھر نوبت فاقہ کشی کو پہنچ چکی ہے ایکشن کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ غلام محمد ناز،صدر طاہر محمود خان ،جنرل سیکریٹری ملک محمد اعظم ،اور جوائنٹ سیکریٹری غلام شبیر نے واضح حکومتی احکامات کے باوجود میونسپل حکام کی جانب سے پنشنروں کو پنشن ادا نہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنک انتظامیہ کارپوریشن کی اکائونٹ برانچ کی ملی بھگت سے اپنا اکائونٹ اور کارکردگی بہتر ظاہر کرنے کے لئے پنشن کی ادائیگی میں جان بوجھ کر تاخیر کر رہی ہے ایکشن کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ عید کے فوری بعد ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں کارپوریشن دفتر کے باہر غیر معینہ مدت تک دھرنا دیا جائے گا انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب بنک اور کارپوریشن کے کرپٹ افسران کے خلاف نیب سے تحقیقات کرائی جائیں ۔