ْجوڑوں کے درد،ہائی بلڈ پریشرکے مریض قربانی کا گوشت اعتدال سے کھائیں،حکیم قاضی ایم اے خالد

منگل 21 اگست 2018 18:30

لاہور۔21 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) گوشت ضرور کھائیں لیکن اس ضمن میں اعتدال اور احتیاطی تدابیر کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں ، مرکزی سیکرٹری جنرل کونسل آف ہربل فزیشنز پاکستان اور یونانی میڈیکل آفیسر حکیم قاضی ایم اے خالد نے عید قربان کے موقع پر گوشت کھانے میں احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوشت کے پکوانوں میں زیادہ مرچ مصالحے نہ ڈالیں ، ان پر سبز دھنیے کی گارنش ضرور کریں گوشت کے ہمراہ سلاد خصوصا ً پودینہ ‘ لیموں اور دہی کا استعمال ضرور کریں، دہی کو رائتے کی شکل میں یعنی تھوڑا سا نمک اور سفید زیرہ ملا کر استعمال کریں ،گوشت کھانے کیساتھ موسمی پھل وسبزیوں کا استعمال بھی جاری رکھیں، پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں ، ابلا ہوا یا بھاپ میں تیارکیا ہوا گوشت بھنے ہوئے گوشت سے بہت بہتر ہے ، صحتمند افراد کیلئے گوشت کی مقدار خوراک سو گرام تک ہے، گوشت کا ضرورت سے زیادہ استعمال اگر فوری طور پر نقصان نہ بھی دے توآنے والے دنوں میں کئی دیگر امراض کا سبب ضرور بن سکتا ہے، جوڑوں کے درد ‘ہائی بلڈ پریشراور شوگر کے مریض گوشت کم کھائیں، یورک ایسڈ کی زیادتی اور گردوں کے مریض گوشت کا استعمال اپنے معالج کے مشورے پر ہی کریں، خصوصاً دل کے مریض چربی والا گوشت ‘گردے ‘ مغز‘سری پائے ‘کلیجی وغیرہ استعمال نہ کریں کیونکہ چربیلے مادے کولیسٹرول کی شکل اختیار کرلیتے ہیں ، گائے کے گوشت میں کولیسٹرول بکرے کے گوشت کی نسبت زیادہ ہوتا ہے جبکہ اونٹ کے گوشت میں کولیسٹرول بہت کم ہوتا ہے،گوشت کھانے کے فوراً بعد ٹھنڈا پانی یا کولڈ ڈرنکس پینے سے دل کے امراض و دیگر تکالیف پیدا ہو سکتی ہیں لہٰذا گوشت کھانے کے فوراً بعد ایسے مشروبات پینے سے اجتناب کیا جائے ،گوشت پر مشتمل ہر کھانے کے بعد سونف ایک گرام، زیرہ سفید ایک گرام، ادرک ایک گرام، الائچی سبزتین دانے اورچینی یا شکر نصف چمچ کو ڈیڑھ کپ پانی میں پکا کر بطورِقہوہ استعمال کرنے سے پیٹ کی جملہ امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے، عید الاضحی کے موقع پر اکثر حلق میں ہڈی پھنسنے کے واقعات رونما ہوجاتے ہیں ، اسلئے ہڈی والا گوشت کھاتے ہوئے خصوصی احتیاط برتیں خصوصاًچھوٹے بچوں کو ہڈی والا گوشت اپنی نگرانی میں کھلائیں ۔

متعلقہ عنوان :