حضرت اللہ زیزئی کی 74 رنز کی دھواں دار اننگز، افغانستان نے آئرلینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں شکست دے دی، راشد خان کی 3 وکٹیں

منگل 21 اگست 2018 18:30

ڈبلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) حضرت اللہ زیزئی کی دھواں دار بیٹنگ اور راشد خان کی عمدہ بائولنگ کی بدولت افغانستان نے آئرلینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 16 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 18 اوورز میں 7 وکٹوں پر 160 رنز بنائے، حضرت اللہ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی، جواب میں آئرش ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 144 رنز بنا سکی، کپتان گیری ولسن 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، راشد خان نے 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔

(جاری ہے)

بریڈے میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ کو بارش کی وجہ سے 18 اوورز تک محدود کیا گیا، افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 160 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، حضرت اللہ زیزئی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، کپتان اصغر ستانک زئی 31 اور محمد شہزاد 29 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نجیب اللہ زدران، محمد نبی 7، 7 سمیع اللہ شنواری 1 اور راشد خان بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، کین اور لٹل نے 2، 2 چیس اور سیمی سنگھ نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 144 رنز تک محدود رہی، گیری ولسن 34، پال سٹرلنگ 27، ڈوکریل 22، سیمی سنگھ 20، تھامسن 5، پورٹرفیلڈ 8، کیون اوبرائن 6، بلبرائن اور کین 8، 8 اور لٹل بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، راشد خان نے 3 آفتاب عالم اور مجیب الرحمان نے 2، 2 فرید احمد اور محمد نبی نے ایک، ایک وکٹ لی۔