آلائشوں کوبروقت اٹھانے اور مدفون کرنے کیلئے تمام انتظامات مربوط اور منظم انداز میں کئے جائیں ، سعید غنی

لینڈ فل سائیٹ پرآلائشوں کو لانے والی گاڑیوں کی بلاتعطل آمدورفت کے لئے فوری پلان تشکیل دیں،وزیربلدیات سندھ کی ہدایت

منگل 21 اگست 2018 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) وزیر بلدیات سندھ، سعید غنی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عید الضحیٰ کے موقع پرآلائشوں کو مدفون کرنے کے لیے تمام انتظامات مربوط اور منظم انداز میں کئے جائیں ، مانیٹرنگ کا عمل سخت رکھیں اورعید الضحیٰ کے موقع پر آلائشوں کو گھر گھر سے اٹھانے کے عمل کو تیز رکھا جائے کلیکشن پوائنٹ پر آلائشیں جمع کرنے کے بعد فوری طورپر انہیں دفنانے کے لئے منتقلی کے انتظامات ہونے چاہئے ۔

یہ بات انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی میٹنگ کے دوران ہدایت دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سعید احمد منگیجو اورایگزیکٹو ڈائریکٹر اسد اللہ ابڑو نے عیدالاضحی آپریشن پلان کی تفصیلی بریفنگ دی جس میں ٹرنچزکے انتظامات، گاڑیوں کی تعداد، عملے اور شکایتی مراکز کے علاوہ دیگر تفصیلات موجود تھیں۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ برتی جائے ۔شکایات کے فوری ازالے کے لئے اضافی گاڑیاں ہر ذون میں موجود رہیںتمام ضلعوں کے میونسپل کمشنرز اور ہر ادارے کے افسران آن بورڈ ہونگے۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین، یوسیز چیئرمین ، وائس چیئرمین کے ساتھ تمام میونسپل کمشنرز کوآرڈینیشن رکھیں اور سوشل میڈیا پر شکایتی مراکز کے نمبرز کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں تاکہ ہر علاقے کے شہریوں کو پیغام پہنچے ۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال شہریوں کو اس محکمہ کی کارکردگی نظر آنی چاہیے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر سعید احمد منگیجونے بتایا اس سال پلان بہت منظم طریقے سے بنایا گیا ہے اور تمام اداروں کو آن بورڈ لیا گیاہے ۔جبکہ وسائل بھی زیادہ استعمال میں لائے گئے ہیں آلائشوں کو بروقت اٹھانے کے بعد چونے کا چھڑکاؤ، اسپرے یقینی بنایا جائے گا۔

جبکہ ہر ذون میں ہمارے ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسٹنٹ ڈائریکٹرزخودآپریشن کی مانیٹرنگ کے لئے موجود ہونگے۔اجلاس میں میٹروپولیٹن کمشنر سیف الرحمن، سیکریٹری نادر خان،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق احمد صدیقی،میونسپل کمشنر کورنگی، شاہد علی خان، میونسپل کمشنر شرقی اختر شیخ،میونسپل کمشنر وسطی مصطفی سومرو،میونسپل کمشنر ملیر عمران اسلم ،میونسپل کمشنر جنوبی، برکت اللہ،سینئر ڈائریکٹر نعمان ارشد،ڈسٹرکٹ کونسل سے فضل محمود گل کے علاوہ واٹر بورڈ کے افسران اورتمام متعلقہ افسران موجود تھے۔