جمعیت علمائے اسلام کی اہل بلوچستان بالخصوص ضلع پشین کے عوام کو عید مبارکباد

آج کا دن نہ صرف ہمیں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا درس دیتا ہے بلکہ صبروتحمل اور ایثار کی تعلیم بھی دیتا ہے منتخب ہونیوالے وزیراعظم کی جانب سے کئے گئے اعلانات پر عملدرآمد کراتے ہوئے ملک میں مدینہ کے ریاست جیسی اسلامی نظام قائم کریں، سید محمد افضل

منگل 21 اگست 2018 19:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و رکن صوبائی اسمبلی سید محمد فضل آغا نے اہل بلوچستان باالخصوص ضلع پشین کے عوام کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن نہ صرف ہمیں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا درس دیتا ہے بلکہ صبروتحمل اور ایثار کی تعلیم بھی دیتا ہے منتخب ہونیوالے وزیراعظم کی جانب سے کئے گئے اعلانات پر عملدرآمد کراتے ہوئے ملک میں مدینہ کے ریاست جیسی اسلامی نظام قائم کریں کیونکہ ملک خداد کو اسلام کے نام پر اسی لئے بنایا گیا جس میں مسلمانوں کے حقوق پامال نہ ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا سید محمد فضل آغا نے کہا کہ ملک میں منتخب حکومت کو چاہئے کہ وہ ملک میں امن و امان اور استحکام کے لئے بھر پور اقدامات کرتے ہوئے ملک میں امن و امان قائم کریں منتخب وزیراعظم نے انتخابات سے پہلے جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کرتے ہوئے ملک میں اسلامی نظام قائم کریں اور اس نظام کے تحت عوام تک سہولیات کی فراہم کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ اگر ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے کامیابی سے نمٹنا چاہتے ہیں تو ہمیں سنت ابراہیمی کو مشعل راہ بناکر اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گذارنے اور اپنے اندر برداشت وقربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہوگاانہوں نے کہا کہ آج کا دن ہم سے یہ تقاضا بھی کرتا ہے کہ عوامی نمائندے اور صاحب ثروت افراد اپنے خواہشات اور اپنے غیر ضروری اخراجات کو محدود کرتے ہوئے اضافی وسائل مستحق افراد کی فلاح وبہبود کے لئے بروئے کار لائیں اور اپنی خوشیوں میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، غریبوں اور ناداروں کو بھی شامل کریں اور جو لوگ عید کی خوشیاں منانے کی استطاعت نہیں رکھتے ان کی مدد کریں انہوں نے کہا کہ منتخب ہونیوالے وزیراعلیٰ بلوچستان نے جس طرح اپنے تقریر میں بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے بات کی ہے اللہ کریں وہ اپنے اس تقریر پر عملدرآمد کراتے ہوئے بلوچستان کے عوام کے دیرینہ مسائل حل کریں ۔