Live Updates

کراچی، تبدیلی صرف حکومت نہیں لاسکتی، صائمہ ندیم

منگل 21 اگست 2018 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ کراچی کی صدر و رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم نے کہا ہے کہ تبدیلی صرف حکومت نہیں لاسکتی، عوا م کو بھی چاہئے کہ اپنے ذہن اور دلوں کو تبدیلی کی طرف راغب کریں۔ وزیر اعظم عمران خان حکومتی سطح پر انقلابی اقدامات کریں گے لیکن حقیقی انقلاب اس وقت رونما ہوگا جب عوام بھی ان کا ساتھ دیں۔

صائمہ ندیم نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کی طرف سے پورے ملک کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ عید الاضحی ایک مقدس ترین مذہبی تہوار ہے۔ یہ تہوار ہمیں ایثار، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ اس موقعے پر اپنے آس پڑوس میں مستحقین کا خیال رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں اخوت اور مساوات سکھاتا ہے۔ عید الاضحی کے تہوار پر قربانی کرکے گوشت اپنوں میں بانٹ کر خوش ہوجانا عید نہیں ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ قربانی کرکے اپنے فریج تو بھر لیتے ہیں، ہمسایوں کا خیال نہیں رکھتے۔ ایسے لوگوں کو عید کی حقیقی خوشی کبھی نصیب نہیں ہوسکتی۔ حقیقی خوشی ایثار میں ہے جو قربانی کرکے گوشت سب لوگوں میں بانٹنے سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقعے پر حکومت کے اہلکار تو ضرور صفائی کریں گے، لیکن عوام کو بھی چاہئے کہ اپنے آس پاس صفائی ستھرائی کا خود بھی خیال رکھیں۔بلا وجہ کوڑا کرکٹ اور آلائشیں ادھر ادھر نہ پھینکیں۔ یہ احساس اگر پورے ملک میں پیدا ہوگیا تو پاکستان میں تبدیلی آکر رہے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات