حج و قربانی کی اصل روح اللہ کی غیر مشروط اطاعت میں پوشیدہ ہے، دردانہ صدیقی

حج، رنگ و نسل، مسلک اور قومیتوں کی تفریق کو مٹا کر وحدت امت کا عالمگیر سبق دیتا ہے، عیدالاضحی کے موقع پر تہنیتی پیغام

منگل 21 اگست 2018 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) حج، رنگ و نسل، مسلک اور قومیتوں کی تفریق کو مٹا کر وحدت امت کا عالمگیر سبق دیتا ہے۔ تقویٰ اور پاکیزگی کے عالی شان جذبوں کے ساتھ مسلمانوں کے اتنے بڑے اجتماع کی مثال دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ اگر امت حج کی اس جامع تربیت گاہ سے شعوری فائدہ اٹھالے تو امت کی محکومیت غلبے میں بدل سکتی ہے۔

دینِ توحید کے تقاضے پورے کرنے کے لئے جس محنت، ایثار اور قربانی کی ضرورت ہے وہ اسوہ ء ابراہیمی ؑمیں موجود ہے، رسم قربانی اللہ کی اطاعت اور فرمانبرداری کی آخری حد ہے اور اس کی اصل روح اللہ کی غیر مشروط اطاعت میں پوشیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی نے حج اور عیدالاضحی کے موقع پر اپنے ایک تہنیتی پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کی زندگی کا اصل مقصد اللہ کی اطاعت اور اس کی رضا کا حصول ہے مگر بدقسمتی سے آج ہمارا کردار ہمارے عمل کی تصدیق نہیں کرتا اسی کمزوری کے سبب امت آج غیروں کی محکوم و مغلوب ہے۔اس محکومی و مغلوبیت سے نجات کے لئے ضروری ہے کہ حج اور قربانی کی اصل روح کو سمجھا جائے۔ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اسلام ہی دنیائے عالم کے لیے امن و آشتی کا پیغام اور پناہ گاہ ہے امامت عالم کے حصول کیلئے مسلمان اقوام کو اپنا رخ حقیقی قبلہ کی طرف پھیر نا ہوگا تاکہ ہماری زندگیوں سے شیطان کی عملداری اور ظلم کا خاتمہ ہو اور اللہ کا نظام رحمت غالب آجائے۔

دردانہ صدیقی نے کہا کہ تمام عبادات اور قربانیاں رجوع الی اللہ کی تڑپ کے بغیر بے روح ہیں۔ دین کے تقاضے پورے کرنے کے لیے جس قربانی اور ایثار کی ضرورت ہے وہ ا سوہء ابراہیمی سے جڑا ہوا ہے۔ حج و قربانی کا پیغام یہی ہے کہ ایک مسلمان کی زندگی کا منتہائے مقصود صرف اللہ کی ذات ہو اور اس کے ہر عمل، معاملات، محبتوں اور رجحانات کا رخ صرف اسی ذات باری تعالی کی طرف ہو اسی میں امت مسلمہ کی فلاح ونجات ہے ۔