Live Updates

مئیر کراچی وسیم اختر نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے

عمران خان واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے کراچی کے سمندر سے لے کر کراچی کے کچرے تک کی بات کی،ان سے پہلے 21 وزراء اعظم میں سے کسی ایک بھی تقریر میں کراچی کا ایجنڈا نہیں تھا،وسیم اختر

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 21 اگست 2018 20:51

مئیر کراچی وسیم اختر نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-21 اگست 2018ء) :مئیر کراچی وسیم اختر نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے کراچی کے سمندر سے لے کر کراچی کے کچرے تک کی بات کی،ان سے پہلے 21 وزراء اعظم میں سے کسی ایک بھی تقریر میں کراچی کا ایجنڈا نہیں تھا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمیں عمران خان نے ملک کے 22ویں وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔

وہ جمعہ 17 اگست کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان منتخب ہوئے تھے۔انہوں نے قائد ایوان کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو شکست دی تھی ۔وزیر اعظم منتخب ہو نے کے بعد اگلے ہی دن ہفتے کو عمران خان نے ایوان صدر میں حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد عمران خان نے باقاعدہ طور پر وزیراعظم آفس کا چارج سنبھال لیا۔گزشتہ رات ا نہوں نے بطور وزیر اعظم پاکستانی قوم سے خطاب کیا اور اس خطاب میں تاریخی اعلانات کئیے گئے۔

اس موقع پر عمران خان نے کراچی کے حوالے سے بھی بات کی اور اسکی ترقی کے حوالے سے خصوصی فوکس کرنے کی بات کی۔جس پر اہلیان کراچی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔اس موقع پر کراچی کے باسیوں کا کہنا تھا کہ ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ وزیر اعظم براہ راست ہمارے مسائل کے حوالے سے سنجیدہ ہیں اور انکے حل کے لیے جلد سے جلد اقدامات کرنے جارہے ہیں۔کراچی کی ترقی کے حوالے سے کی گئی بات مئیر کراچی کو بھی ایسی بھائی کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے ۔

ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ یہ ملک کے بائیسویں وزیر اعظم ہیں۔ان سے پہلے اکیس وزیر اعظم آئے اور انہوں نے جو بھی تقریریں کیں ان میں کراچی کا کہیں بھی ذکر نہیں تھا۔انکا کہنا تھا کہ عمران خان واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے کراچی کے سمندر سے لے کر کراچی کے کچرے تک کی بات کی۔انکا کہنا تھا کہ ماضی کے جتنے وزیر اعظم تھے انہوں نے کراچی میں آپریشن کی بات کی ،یہ واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے کراچی کی ترقی کی بات کی۔انکا مزید کہنا تھا کہ کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ہمیں بلدیہ کو ترقی دینا ہوگی تاکہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات