وزیر بلدیات سعید غنی کی ہدایت پر عید الاضحی کے حوالے سے اجلاس

منگل 21 اگست 2018 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی ہدایت پر میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر عمران اسلم نے عید الاضحی کے حوالے سے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر نے وزیر بلدیات کی ہدایات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ویجلنس کمیٹی بنائی جائے، جو عید الاضحی کے تینوں دن انتظامات کے حوالے سے نگرانی کرے گی اور روزانہ آلائشوں کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کی رپورٹ پیش کریگی۔

متعلقہ افسران و عملہ تینوں دن اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور محنت و لگن سے اپنی خدمات سرانجام دیں ، غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، عید الا ضحی کے موقع پر عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے قائم کردہ شکایت سیل کو فعال رکھا جائے، شکایت سیل میں موصول ہونے والی شکایت کا ازالہ فوری کیا جائے۔

میونسپل کمشنر نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ عوام آلائشوں کو چیرنے سے گریز کرے اور جہاں بھی آلائشیں پڑی ہوں اپنے متعلقہ یو سی چیئرمین،وائس چیئرمین ،کونسلر ز اور بلدیہ ملیر انتظامیہ کو اطلاع دیں، ملیر کو صاف ستھرا رکھنے میں معزز شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ (شکایت سیل نمبر :021-35250936, 021-99333656،واٹس نمبر 0300-0544274) پر عوام آلائشوں کے حوالے سے شکایات درج کراسکتے ہیں۔