پی پی پی نے پچھلے دور حکومت میں سندھ میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے‘ پی پی پی نے سندھ میں پہلے سے زیادہ انتخابات میں نشستیں حاصل کرکے مخالفین کے منہ بند کردیے ہیں ‘ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

منگل 21 اگست 2018 21:50

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی پی پی نے پچھلے دور حکومت میںسندھ میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے‘ پی پی پی نے سندھ میں پہلے سے زیادہ انتخابات میں نشستیں حاصل کرکے مخالفین کے منہ بند کر دیئے ہیں جو کہتے تھے کہ پی پی پی کمزور یا ختم ہوگئی ہے۔

سندھ کے دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد وہ سن جام شورو اوردیگرعلاقوں میںلوگوں کی جانب سے دی گئی استقبالیہ تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں اورپی پی پی قیادت کے بھی شکرگزار ہیںجنہوں نے ایک بار پھر ان پر اعتماد کیا اور انہیں وزیر اعلیٰ سندھ منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر سندھ کابینہ تشکیل دی گئی ہے اور سندھ کابینہ میںنئے لوگوں کو بھی شامل کیاگیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ پہلے سے بھی زیادہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی کام کرانے کے لیے پرعزم ہے اوران کی ترجیح تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ عیدالاضحیٰ کے فوری بعد ان مسائل کے حل کے لیے کوششیں شروع کردیں گے اور عوام بھی سندھ میںحقیقی تبدیلی محسوس کریں گے۔ قبل ازیں کراچی سے بذریعہ ہیلی کاپٹرسن پہنچنے پر رکن قومی اسمبلی سردارسکند ر علی راہپوٹواور رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد سکندر،ڈویزنل کمشنر حیدرآباد عبدالوحید شیخ ،ڈپٹی کمشنر جامشورو شازیہ قاضی ، ایس ایس پی جامشورو بشیر احمد بروہی اور پی پی پی کے ہزاروں کارکنان نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا پرتپاک ا ستقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔