وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا عیدالاضحی کے موقع پر پیغام

منگل 21 اگست 2018 22:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کو عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحی سے ہمیں ایثار، قربانی اور صبر کا درس ملتا ہے اور حج اور عیدالاضحی کے اس بابرکت موقع پر ہر عبادت اور ہر عمل میں خیر کی روح موجود ہوتی ہے، جبکہ اللہ تعالی ہمیں قربانی کے فلسفے کو سمجھنے اور ان عبادات کو ان کی صحیح روح کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ ہم سب کو چاہیے کہ عید الاضحی کے تہوار کے موقع پر اپنے ارد گرد موجود غریبوں، مساکین اور محتاجوں کا بھی خیال رکھیں اور انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور قربانی کے فلسفے کو سمجھتے ہوئے اس کے تمام تر پہلوئوں کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔

سید مراد علی شاہ نے عید الاضحی کے موقع پر متعلقہ انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ سندھ بھر میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کریں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی قربانی کی کھالوں کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :