موٹر وے پولیس کی زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کاروائیاں جاری

مقررہ کرائے سے زائد رقم وصول کرنے والے ٹرانسپورٹروں کو ساڑھے چھ لاکھ روپے جرمانہ

منگل 21 اگست 2018 23:10

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) موٹر وے پولیس نے عید کے قریب ٹرانسپورٹروں کی جانب سے زائد کرائے کی مد میں لوٹ مار کے خلاف موٹر وے پولیس سکھر نے مہم شروع کررکھی ہے اور قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کردیا ہے تین روز سے جاری مہم کے دوران موٹر وے پولیس نے مختلف مقامات پر عید پرخوشیاں منانے کیلئے گھر جانے والے لوگوں سے مقررہ کرائے سے زائد رقم وصول کرنے والے ٹرانسپورٹروں پر ساڑھے چھ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے اور اب تک تین روز کے دوران زائد کرائے کی مد میں لیے گئے سات لاکھ روپے بھی مسافروں کو واپس کرادیئے ہیں اس سلسلے میں ایس پی موٹروے غلام سرور بھیو کا کہنا تھا کہ تین روز سے جاری مہم کے نتیجے میں پانچ سو سے زائد اوور لوڈ گاڑیوں کو روک کر ان میں سے گنجائش سے زائد مسافروں کوبھی اتار کر دوسری گاڑیوں میں روانہ کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس کی یہ مہم عید کے بعد بھی جاری رہے گی تاکہ گھروں سے واپس ملازمت پر جانے والے افراد کو بھی کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

مسافروں نے موٹر وے پولیس کے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس واحد ادارہ ہے جو عوام کی جان و مال کی حفاظت کے ساتھ ساتھ دوران سفر ان کی پریشانیوں کو دور کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔