عید الاضحی اللہ کی راہ میں بڑی سے بڑی قربانی دینے کا درس دیتی ہے، چیئر مین آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز

منگل 21 اگست 2018 23:10

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے چیئرمین حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ عید الاضحی اللہ کی راہ میں بڑی سے بڑی قربانی دینے کا درس دیتی ہے عید کے موقع پر ہمیں مستحق اور ضرورتمند افراد کو بھی یاد رکھنا چاہئے تاکہ ان کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیا جاسکے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تاجروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے مذہبی تہوار ایمانی روحانی تقویت کا باعث ہے حج کا موقع اہل ایمان کے اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمان اپنے خالق و مالک کی ہم آواز ہوکر عبادت کرتے ہیں اور اللہ کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حج ایک عالمی اور اجتماعی عبادت ہے خانہ کعبہ کی زیارت اور روضہ رسولؐ پر حاضری ہر مسلمان کی دلی خواہش اور تمنا ہوتی ہے حج کا پیغام یہ ہے کہ انسان اپنے رب کی طرف متوجہ ہو اور اپنے خالق کی رضا کو اپنی زندگی کا مرکز و محور بنائیں۔انہوں نے کہا کہ حج کا عمل اگرچہ چند دنوں کی اجتماعی عبادت ہے مگر یہ عبادت پوری زندگی کیلئے ایک درس اور تربیت کی حیثیت رکھتی ہے۔ اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ پاکستان میں امن و سلامتی کا باعث بنائے ، انہوں نے تمام مسلمانوں سے کہا کہ عید قرباں کے موقع پر عالم اسلام اور پاکستان کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔