پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کا اپوزیشن کا مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کا فیصلہ ،ْ اے پی سی (آج)مری میں ہوگی

جمعہ 24 اگست 2018 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2018ء) پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن )نے اپوزیشن کا مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے مشاورت کیلئے 25 اگست(آج) ہفتہ کو مری میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کریں گے۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے اور اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ صدارتی امیدوارلانے پر بات چیت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشترکہ صدارتی امیدوارلانے کیلئے بھر پورمہم چلانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ 2014 میں ن لیگ کی جمہوریت کو خطرہ ہوا تو اعترازاحسن جمہوریت کے دفاع میں سب سے آگے تھے۔

(جاری ہے)

فرحت اللہ بابر کے مطابق 25 تاریخ کو آل پارٹیز کانفرنس ہوگی جس میں پیپلزپارٹی کو بھی دعوت دی گئی ہے، صدارتی امیدوار کیلئے ابھی حتمی فیصلہ پارٹی نے نہیں کیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ (ن )لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان تلخیاں ہیں اس سلسلے میں ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو متفقہ طور پر فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے، ہر پارٹی کو حق حاصل ہے کہ وہ صدارتی امیدوار پیش کرسکے۔رانا ثناء نے کہا کہ نواز شریف کیساتھ جس طرح کا برتاؤ ہورہا ہے وہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے،عید کے بعد پہلا جلسہ راولپنڈی میں ہوگا، راولپنڈی کے جلسے میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی جائیگی۔