نامور بھارتی کرکٹر کے سٹے باز سے روابط کا انکشاف

ورلڈ کپ2011ءکی فاتح ٹیم کے رکن کا انٹرنیشنل میچ میں بکی سے رابطہ ہوا تھا:بی بی مشرا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 اگست 2018 16:28

نامور بھارتی کرکٹر کے سٹے باز سے روابط کا انکشاف
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25اگست 2018 ء) بھارتی ٹی ٹونٹی لیگ آئی پی ایل میں بدعنوانی کی تحقیق کرنے والے پولیس آفیسر بی بی مشرا نے اپنی خاموشی ختم کرتے ہوئے ایک نامور بھارتی کرکٹر کے سٹے باز سے روابط کا انکشاف کردیا جن کا دعویٰ ہے کہ بھارت ،سری لنکاا ور بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ورلڈ کپ دو ہزار گیارہ کی فاتح بھارتی ٹیم کے ایک رکن کا2008 اور2009ءمیں انٹرنیشنل میچ کے دوران بکی سے رابطہ ہوا تھا لیکن وہ مکمل تحقیق کر کے اس معاملے کو منطقی انجام تک نہیں پہنچا سکے تھے۔

بی بی مشرا کے مطابق اس انٹرنیشنل میچ سے ایک یا دو دن قبل مذکورہ کرکٹر کا ایک نامور بکی سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا جس کی تصدیق انہوں نے پلیئر سے نہیں کی تاہم سٹے باز نے اس بارے میں انہیں آگاہ کردیا تھا اور ٹھوس شواہد کے باوجود وہ اس معاملے کو آگے نہیں بڑھا سکے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق 2013ءمیں بی بی مشرا کو بھارتی سپریم کورٹ نے اس وقت کے کم و بیش نو پلیئرز کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا جن کے خلاف آئی پی ایل سمیت متعدد الزامات عائد کئے گئے تھے لیکن بدقسمتی سے چار آفیشلز کے خلاف کی جانے والی تحقیق سے عوامی سطح پر آگاہ کیا گیا۔

ان کا دعویٰ ہے کہ اس خاص واقعہ کی بابت انہیں پوری معلومات حاصل تھیں کہ کس کھلاڑی نے بکی سے رابطہ کیا تھا اور سٹے باز نے بھی اس کو تسلیم کیا جو شواہد کی فراہمی کے لیے تیار ہونے کے بعد آخری لمحات میں بدل گیا۔ بی بی مشرا کے مطابق ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ ان کے پاس موجود تھا جس کی فرانزک جانچ کرانے کا ان کے پاس وقت نہیں تھا اور یہ ان کے دائرہ اختیار میں بھی نہیں آتا تھا لہٰذا انہوں نے یہ معاملہ اسی جگہ ختم کردیا ورنہ وقت ہوتا تو اس کی جانچ کرائی جا سکتی تھی۔