18ویں ترمیم،صوبائی خود مختاری کوبراہ راست خطرہ لاحق

کابینہ ایسی جو پرویزمشرف کےسابق ساتھی ہیں،پارلیمنٹ پرنظر رکھنے کیلئے اپوزیشن متحد ہوجائے، تقسیم اپوزیشن دراصل عوام اورتاریخ کوجواب دہ ہوگی۔ سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 25 اگست 2018 23:02

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 اگست 2018ء) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے گرینڈ قومی اتحاد کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم اورصوبائی خود مختاری کو خطرات لاحق ہیں، کابینہ ایسی جو پرویزمشرف کے سابق ساتھی ہیں، پارلیمنٹ پرنظر رکھنے کیلئے اپوزیشن متحد ہوجائے، تقسیم اپوزیشن دراصل عوام اورتاریخ کوجواب دہ ہوگی، ملک میں شدید معاشی و سیاسی بحران ہے، یہ بحران تمام جمہوری قوتوں کے گرینڈ قومی اتحاد کا مطالبہ کرتا ہے۔

انہوں نے موجودہ معاشی اور سیاسی بحران پراپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں ایسی کابینہ ہے جو پرویزمشرف کے سابق ساتھی ہیں۔ اٹھارویں آئینی ترمیم اورصوبائی خود مختاری کوبراہ راست خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔پارلیمنٹ پرنظر رکھنے کے لیے متحد اپوزیشن وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

تقسیم اپوزیشن ،عوام اور تاریخ کو جواب دہ ہوگی۔ موجودہ حکومت کو اقتدار سنبھالے ایک ہفتہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے خط اور امریکی وزیرخارجہ نے گفت گو کی۔ دفترخارجہ ، نئی حکومت خط ، گفتگوکی غلط تشریح کے سنگین سوالات میں الجھ گئی۔ رضا ربانی نے کہا کہ بد قسمتی ہے بھارتی حکومت نے دفترخارجہ کی مذاکرات سے متعلق غلط تشریح کی وضاحت جاری کی۔ پاکستان مذاکرات کے عمل میں تب ہی شامل ہوگا جب مسئلہ کشمیر شامل ہو۔رضاربانی نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات شروع کرنیکی نئی حکومت کی بیتابی پاکستانی موقف سے مطابقت نہیں رکھتی۔

پاکستان مذاکرات کو محض دہشت گردی تک محدود نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نےدہشتگردی کے خلاف قربانیاں دیں اور معاشی وسیاسی عدم استحکام آیا۔ امریکا کے ڈو مور کے مطالبے کو پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفترخارجہ کا اس صورت حال میں چھپنے والا بیان بھی باعث تشویش ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں ان کی توقعات کو سمجھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے بیان سے متعلق تنازع بھی غیر ضروری ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ انہیں ہمارے ضروریات کو دیکھنا ہو گا۔ توقعات ،ضروریات سےامریکا کیساتھ آقا ، غلام کےدرمیان تعلقات کا تاثرملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا تعلقات کا معاملہ سینیٹ کے اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔