حماس کی اسرائیل کو ہوائی اڈے کے قیام کی پیش کش کا انکشاف

غزہ کی پٹی کے سوا کہیں بھی پیش کش نہیں کی ،حماس کی ایلات میںاڈے کے قیام کی پیش کش کی تردید

اتوار 26 اگست 2018 10:50

حماس کی اسرائیل کو ہوائی اڈے کے قیام کی پیش کش کا انکشاف
مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2018ء) فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن موسیٰ ابو مرزوق نے اسرائیل کی طرف سے ایلات میں ہوائی اڈے کے قیام کی پیش کش کی خبروں کومسترد کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق حماس رہ نما نے ایک بیان میں کہا کہ حماس کی طرف سے اسرائیل کو غزہ کی پٹی کے سوا کسی اور علاقے میں ہوائی اڈے کی پیش کش کی گئی اور نہ ہی غزہ کے ملازمین کی اسرائیل کے توسط سے تنخواہوں کی ادائیگی کی بات کی گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح جنگ بندی کے سلسلے میں اسرائیل کی جانب سے حماس کے سامنے بھی ایسی کوئی تجویز پیش نہیں کی گئی۔قبل ازیں تحریک فتح کے نائب صدر محمود العالول نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ اسرائیل نے حماس کیسامنے قبرص کے پلیٹ فارم سے بندرگاہ قائم کرنے اور ایلات کے قریب اسرائیل کی زیرنگرانی ہوائی اڈہ قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔ یہ ہوائی اڈہ صرف قطر کی پروازوں کے لیے مختص ہوگا۔تحریک فتح کے رہ نما کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کے محرکات صرف فلسطینی نہیں بلکہ اس میں قطر، ایران اور ترکی جیسے امور بھی شامل ہیں۔ نیز اسرائیل جنگ بندی کے ذریعے اپنے نئے فیصلے مسلط کرنا چاہتا ہے۔