سیکرٹری پرائمری ایند سیکنڈری ہیلتھ کیئر علی بہادر قاضی سے ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے وفدکی ملاقات

پیر 27 اگست 2018 20:46

لاہور۔27 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2018ء) سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈاکٹرز محنت ،لگن،دیانتداری اور انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں، پنجاب کے دور دراز علاقوںکے ہسپتالوں میں بہترین سہولیات کی فراہمی ڈاکٹرز اور عملہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ، لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں نوجوان ڈاکٹرز کی خدمات قابل تعریف ہیں، محکمہ صحت فیلڈ میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کے مسائل سے آگاہ ہے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

یہ بات سیکرٹری پرائمری ایند سیکنڈری ہیلتھ کیئر علی بہادر قاضی نے یہاںینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر شہناز نسیم،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیر احمد،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر، پراجیکٹ مینیجر ڈاکٹر زاہدہ سرور،ڈپٹی سیکرٹری آمنہ لطیف،ڈاکٹر فوزیہ،ڈاکٹر یداللہ اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ملتان نے شرکت کی۔

جبکہ وفد کے ارکان نے ڈاکٹر حامد بٹ کی صدارت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد کے اراکین نے پنجاب کے تمام اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب میں ڈاکٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔انھوں نے سیکرٹری ہیلتھ کو فیلڈ ڈیوٹی کے دوران ڈاکٹر،میڈیکل،پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر عملہ کودرپیش مسائل اور سیکورٹی کے انتظامات حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹرز کی پروموشن تیز کرنے،ڈاکٹر اور ڈسٹرکٹ کنسلٹنٹس کے پے پیکج بڑھانے،ایڈہاک کی نئی پالیسی،سنٹرل انڈکشن سسٹم اور پبلک سروس کمیشن کے زریعے بھرتیاں جلد مکمل کرنے اور دیگر اہم امو ر پر بات چیت کی گئی۔

ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے پنجاب میں بھی ڈاکٹروں کے الاونس اور پے پیکج کو خیبر پختونخواہ طرز پر کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر سیکرٹری ہیلتھ نے ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کی۔سیکرٹری ہیلتھ نے ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر شہناز نسیم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل کرنے کے احکامات جاری کئے۔یہ کمیٹی محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ سے مل کر ان مطالبات کو حل کرنے کی سفارشات پیش کرے گی اور اس سلسلے میں پہلا اجلاس جلد بلایا جائے گا۔