بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا اعتراف کرے،ہیومن رائٹس واچ

منگل 28 اگست 2018 15:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2018ء) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی جنوبی ایشیاء کیلئے ڈائریکٹر مینا کشی گنگولی بھارتی حکمرانوں سے کہاہے کہ وہ اس حقیقت کا اعتراف کریں کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں مسلسل جاری ہیں اور انہیں کشمیریوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مینا کشی گنگولی نے پرائیویٹ پاکستانی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں ہمسایہ ملکوںکے لیڈر اس بات کا احسا س کریںکہ کشمیری ایک متنازعہ علاقے میں رہ رہے ہیں اور انہیں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی حکومت نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے دفتر کی طرف سے حال ہی میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کے مظالم کے بارے میں جاری ہونیوالی رپورٹوں کو مسترد کردیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی جنگ کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کشمیری عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر نے کالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے تحت بھارتی فوجیوں کو حاصل اختیارات کے غلط استعمال کے بارے میں کہاکہ نہ صرف اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں بلکہ بھارتی حکومت کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنے کیلئے قائم کئے جانیوالے گروپوں اور کمیشنوں نے بھی اس کالے قانون کی منسوخی کی اپیل کی ہے کیونکہ یہ قانون انسانی حقو ق کی پامالیوں کا باعث بن رہاہے ۔

مینا کشی گنگولی نے واضح کیاکہ بھارت میں اختلاف رائے یا تنقید کرنے والے کو بھارت کے دشمن کی نظرسے دیکھا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جب تک اختلاف رائے رکھنے والوں کے ساتھ حکومت انصاف نہیں کرتی کشمیر کی سڑکوںپر احتجاج کرنے والے بے گناہ مرد و خواتین اور بچوں پر ظلم و تشدد جاری رہے گا۔ ہیومن رائٹس واچ کی ڈائریکٹر نے بھارت میں اقلیتوں کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے حامیوںکی طرف سے فرقہ وارانہ فسادات پر تشویش ظاہر کی۔

کشمیر میں ہندو بالادستی اور قومیت پرستی کے نام پر ہونے والے تشدد کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ طویل عرصے سے کشمیر کو مذہبی بنیادوں پر نہیں دیکھا گیا ہے تاہم انہوںنے کہاکہ کشمیری جو مسلمانوںہیں کو انکے حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ مینا کشی گنگولی نے ہر قیمت پر کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ پر زوردیتے ہوئے کہاکہ انسانی حقوق ہمہ گیر اور سب کیلئے یکساں ہیں۔