نیب زدہ لوگوں کو اہم منصبوں پر فائز کرنے سے پی ٹی آئی کی تبدیلی عوام پر عیاں ہو چکی ہے،سکندر حیات شیرپائو

پی ٹی آئی اپنے انتخابی وعدوں کے برعکس پروگرام پر عمل پیرا ہے، ان کے پروٹوکول نہ لینے اور کرپٹ افراد کو حکومت میں شامل نہ کرنے کی دعوئوں سے ہوا نکل چکی ہے، پارٹی کارکنوں کے الگ الگ اجلاس سے خطاب

منگل 28 اگست 2018 22:38

نیب زدہ لوگوں کو اہم منصبوں پر فائز کرنے سے پی ٹی آئی کی تبدیلی عوام ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ نیب زدہ لوگوں کو اہم منصبوں پر فائز کرنے سے پی ٹی آئی کی تبدیلی عوام پر عیاں ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے انتخابی وعدوں کے برعکس پروگرام پر عمل پیرا ہے اور ان کے پروٹوکول نہ لینے اور کرپٹ افراد کو حکومت میں شامل نہ کرنے کی دعوئوں سے ہوا نکل چکی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں یونین کونسل حصارہ نہری اور مرزاڈھیر کے پارٹی کارکنوں کے الگ الگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ حکومت کے شروعات سے ہی پروٹوکول نہ لینے اور کرپٹ عناصر کے خلاف احتساب کا ڈھنڈورا پیٹنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کا استعمال اور نیب زدہ لوگوں کو اہم ذمہ اریاں سونپنا پی ٹی آئی کے دعوئوں کی نفی کرتی ہے اور اس سے ان کا دوغلا پن عوام کے سامنے آشکارہ ہو چکاہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ایک جمہوری اور عوام کی ترجمان پارٹی ہے اور حکومت کے ہر غلط کام کو عوام کے سامنے لائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم صوبہ کے حقوق کے حصول اور عوامی خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور کسی کو ان کے حقوق غضب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید مضبوط بنا کر ان کے حقوق و تحفظ اور خوشحالی کیلئے جاری جدوجہد کو مزید تقویت دیگی۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں ہر سطح پر عوام کی فلاح اور بہبود کو تحفظ دینا ہے ۔انھوں نے کہا کہ پارٹی ملک میں پختونوں کے تحفظ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور وہ ان کے خلاف ہونے والے ہر سازش کو بے نقاب کردے گی۔انھوں نے کہا کہ روز اول سے پختونوں کے حقوق کی پامالی کی جارہی ہے اور ان کو ان کے جائز حقوق جیسے بجلی،گیس اور دوسرے بنیادی سہولیات اوروسائل سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں ان پر بجلی لوڈشیڈنگ جیسے عذاب جبکہ شدید سردیوں میں سوئی گیس کی سہولیات سے محروم رکھا جا تا ہے ۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ روا رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں اور قومی وطن پارٹی ہر پلیٹ فارم پر اس کے خلاف جدوجہد کرتی رہے گی اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔