Live Updates

صدارتی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے اعتزاز احسن کا نام تجویز کیے جانے کا انکشاف

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے خصوصی ملاقات میں خود اعتزاز احسن کا نام متفقہ امیدوار کے طور پر پیش کیا تھا، ملاقات میں راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے: خورشید شاہ

muhammad ali محمد علی بدھ 29 اگست 2018 21:49

صدارتی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے اعتزاز احسن کا نام تجویز ..
اسلام  آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اگست2018ء) صدارتی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے اعتزاز احسن کا نام تجویز کیے جانے کا انکشاف، خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے خصوصی ملاقات میں خود اعتزاز احسن کا نام متفقہ امیدوار کے طور پر پیش کیا تھا، ملاقات میں راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ہونے والے 25 جولائی کے عام انتخابات کے بعد اب صدارتی الیکشن کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر چکی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عارف علوی، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو صدارت کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کی پیپلز پارٹی اپنے امیدوار اعتزاز احسن کو ان کے حق میں دستبردار کروا دے۔

تاہم تاحال پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے مطالبے کو قبول نہیں کیا۔ اب صدارتی الیکشن کیلئے امیدواروں کی نامزدگی کے حوالے سے ایک اور دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شانہ نے انکشاف کیا ہے کہ دراصل صدارتی امیدوار کے طور پر چوہدری اعتزاز احسن کا نام پیپلز پارٹی کی بجائے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے تجویز کیا تھا۔

خورشید شاہ کا دعویٰ ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے خصوصی ملاقات میں خود صدارتی الیکشن کیلئے چوہدری اعتزاز احسن کا نام متفقہ امیدوار کے طور پر پیش کیا تھا۔ اس ملاقات میں راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے۔ تاہم بعد ازاں فواد چوہدری اپنے فیصلے سے پھر گئے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے نئے صدر مملکت کے انتخاب کیلئے قومی، صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں ووٹنگ 4 ستمبر کو ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات